تارکین کی حامی اٹلی کی فائیو اسٹار موومنٹ میں اختلافات شدید، تقسیم کا خطرہ

0

روم: اطالوی پارلیمنٹ کی سب سے بڑی جماعت فائیو اسٹا ر موومنٹ میں اختلافات شدت اختیار کرگئے ہیں، اور پارٹی کے بانی نے سابق وزیراعظم کو قیادت کیلئے غیر موزوں قرار دے دیا ہے، جوسپے کونتے پارٹی میں اصلاحات لانا چاہتے تھے، جس پر انہیں مزاحمت کا سامنا تھا، اور بپی گریلو اپنی گرفت ڈھیلی کرنے کیلئے تیار نہ تھے۔

تفصیلات کے مطابق تارکین وطن کی حامی سمجھی جانے والی اطالوی جماعت فائیو اسٹار موومنٹ گزشتہ کچھ عرصے سے اندرونی مسائل کا شکار چلی آرہی ہے، جس سے پارٹی کمزور ہورہی ہے، پارٹی کو دوبارہ مضبوط بنانے کے لئے اس کے بانی سربراہ بپی گریلو نے فروری میں مستعفی ہونے والے وزیراعظم جوسپے کونتے کو شامل کیا تھا، اور اس بات کا اشارہ دیا تھا کہ جوسپے کونتے پارٹی کی رہنمائی و قیادت کریں گے، اس فیصلے کےبعد فائیو اسٹار موومنٹ میں نئی جان پڑتی نظر آرہی تھی، اور سیاسی مبصرین کا کہنا تھا کہ جوسپے کونتے جو اطالوی عوام میں بہت مقبول وزیراعظم رہے ہیں،ان کی مقبولیت کی بدولت فائیو اسٹار موومنٹ ایک بار پھر سیاسی طورپر مضبوط ہو کر ابھرے گی، تاہم گزشتہ چند ہفتوں سے پارٹی چلانے کے معاملے پر بپی گریلو اور جوسپے کونتے میں اختلافات سامنے آنے لگے تھے، جوسپے کونتے پارٹی میں اصلاحات لانا چاہتے تھے، جس پر انہیں مزاحمت کا سامنا تھا، اور بپی گریلو اپنی گرفت ڈھیلی کرنے کے لئے تیار نہ تھے۔

جوسپے کونتے نے اس حوالےسے پیر کو پریس کانفرنس بھی کی تھی، اور پارٹی سنبھالنے کے لئے اپنی شرائط پیش کی تھیں، انہوں نے کہا تھا کہ بپی گریلو کو یہ فیصلہ کرنا ہوگا کہ وہ کھلے دل والے باپ کی طرح اپنی اولاد کو خود بڑا ہونے کا موقع دیتے ہیں، یا ایسے باپ کا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں، جو اپنی اولاد کے لئے مسائل پید ا کرنے کا سبب بنتا ہے۔

کونتے کی پریس کانفرنس کا جواب بپی گریلو نے منگل کو مضمون کی صورت میں دیا ، اور کونتے کو قیادت کے لئے نااہل قرار دے ڈالا، انہوں نے کہا کہ کونتے میں نہ تو سیاسی وژن ہے، اور نہ ہی انتظامی صلاحیت رکھتے ہیں، اس لئے ہم اپنی جماعت ان کے ہاتھوں میں نہیں دے سکتے، اگر چہ فوری طور پر جوسپے کونتے کا ردعمل سامنے نہیں آیا، تاہم مبصرین اب فائیو اسٹار موومنٹ میں تقسیم کا امکان ظاہر کررہے ہیں، اور اس بات کا امکان ہے کہ پارٹی کے کچھ ارکان کونتے کی حمایت میں جاسکتے ہیں،

دوسری طرف فائیو اسٹار موومنٹ کی اتحادی جماعت پی ڈی کے سربراہ انریکو لیٹا نے فائیو اسٹار موومنٹ میں اختلافات کو پچیدہ صورتحال سے تعبیر کیا ہے، اور کہا ہے کہ ہمیں اس پر کچھ تشویش ہے، انہوں نے کہا کہ یہ وقت اختلافات نہیں بلکہ اتحاد کا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب صدر کا انتخاب قریب ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.