اٹلی میں پرمٹ کیلئے تارکین کی لمبی قطاریں 

0

روم: اٹلی میں ورک پرمٹ کے لئے درخواستیں دینے والے تارکین وطن کو پرمٹس کے اجرا میں تاخیر اور لمبی قطاروں میں پورا پورا دن ضائع ہونے پر   اطالوی تنظیموں نے حکومت کو کھلا خط لکھ دیا ہے، جس میں صورتحال کی فوری اصلاح کا مطالبہ کیا گیا ہے.

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر فلورنس کی 38 تنظیموں اور یونینوں نے ایک کھلا خط لکھا ہے، جس میں  فلورنس پولیس آفس میں ورک پرمٹ کے لئے جانے والے تارکین کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ پرمٹ درخواستوں کے سلسلے میں پولیس آفس جانے والے تارکین وطن کو خراب صورتحال کا سامنا ہے، اپریل 19 سے آن لائن بکنگ کا سسٹم خراب ہونے سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے، پولیس اسٹیشن کے سامنے رات سے ہی تارکین وطن قطاریں بنانا شروع کردیتے ہیں، اور بعض تارکین کے ساتھ تو بچے بھی ہوتے ہیں، جو کھلے آسمان تلے رات گزارنے پر مجبور ہوتے ہیں، انفو مائیگرینٹ کے مطابق خط میں کہا گیا ہے کہ پولیس آفس کی طرف سے محدود اپوائنٹمنٹ دینے کی وجہ سے تارکین کو بعض اوقات  کئی دن لگ جاتے ہیں.

خط میں ان تنظیموں نے کہا ہے کہ اپوائنٹمنٹ حاصل کرنے کے لئے یہ تکلیف دہ عمل اور رہائشی پرمٹس کے اجرا میں غیر معمولی تاخیر صورتحال کی خرابی کی نشان دہی کرتی ہے، پولیس اسٹیشن سے فون کرنے پر معلومات نہیں ملتیں جبکہ ای میلز کا جواب بھی ہفتوں بعد ملتا ہے، خط میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ تارکین کے معاملات تیزی سے نمٹانے کے لئے عملے میں اضافہ کیا جائے، دوسری طرف پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ ہم نے پیر 21 جون سے تارکین کے رہائشی پرمٹس کے لئے اضافی ڈیسک قائم کردئیے ہیں، جن کے لئے 5 اضافی افسران کا دوسری جگہ سے تبادلہ کیا گیا ہے، ترجمان نے کہا کہ گرم موسم میں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کا ہمیں احساس ہے، اور ہم نے شہری انتظامیہ سے شیڈ لگانے کا کہا ہے، انہوں نے این جی اوز پر بھی زور دیا کہ وہ پولیس آفس کے باہر قطاروں میں لگے تارکین میں پانی تقسیم کریں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.