اٹلی میں نوکریاں بارش کی طرح برسنے لگیں

0

روم: اٹلی میں کرونا کے باعث لگائے گئے لاک ڈاؤن پابندیاں ختم ہونے کے بعد نوکریوں کی بارش برسنے لگی، ایک ماہ میں ریکارڈ تعداد میں ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں، جبکہ مستقبل میں مزید روزگار کھلنے جارہا ہے، اور اگلے تین ماہ کے دوران مزید لاکھوں ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں کرونا کی وبا تھمنے کےبعد ایک ماہ کے دوران 5 لاکھ 60 ہزار سے زائد ملازمتیں پیدا ہوئی ہیں، اور لوگوں کو نوکریاں مل گئی ہیں، اٹلی کی جاب مارکیٹ کرونا سے پہلے والی صورتحال پر لوٹ رہی ہے، لیبر پالیسی ایجنسی ANPAL نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ جون سے اگست کے دوران مزید 13 لاکھ ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ہے، اطالوی کمپنیاں لاک ڈاؤن سے نکلنے کے بعد اب تیزی سے بحالی کے سفر پر گامزن ہورہی ہیں، اور حکام پرامید ہیں کہ جون میں ملازمتوں کی تعداد کرونا بحران سے پہلے والی سطح پر پہنچ جائے گی۔

رپورٹ کے مطابق فیکٹریوں میں جون کے دوران مزید ایک لاکھ 63 ہزار بھرتیاں کی جائیں گی، جبکہ اگست تک اس شعبے میں 3 لاکھ 78 ہزار ملازمتیں پیدا ہونے کا امکان ہے، اسی طرح سیاحتی شعبے کی بتدریج بحالی سے سروسز کے شعبے میں تین لاکھ 97 ہزار ملازمتیں جون میں پیدا ہوں گی، جو اگست تک 9 لاکھ تک پہنچ جائیں گی، اطالوی معیشت کی بحالی کے حوالے سے پیشگوئی کے بعد ملازمتوں کی صورتحال تیزی سے بہتر ہوتی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.