عرب امارات میں لوگ سستے ٹکٹوں کے چکر میں لٹنے لگے، دبئی پولیس کی وارننگ

0

دبئی: سفری پابندیوں کی وجہ سے فضائی ٹکٹ مہنگے ہونے کے بعد متحدہ عرب امارات میں تارکین وطن کو دھوکہ کے ذریعہ لوٹنے والے گروہ سرگرم ہوگئے ہیں، عوام کو سستے ٹکٹوں کا لالچ دے کر رقم ہتھیا لی جاتی ہے، دبئی پولیس نے لوگوں کو خبردار کردیا۔

تفصیلات کے مطابق کرونا کی وجہ سے لگی سفری پابندیوں کے باعث پروازیں کم ہیں، ایسے میں موسم گرما کے ٹریول سیزن کے دوران دبئی سمیت متحدہ عرب امارات سے مختلف ملکوں کے لئے فضائی سفر کے کرائے بڑھ گئے ہیں، اس صورتحال سے فائدہ اٹھانے کے لئے کچھ جعلساز گروہ سرگرم ہوئے ہیں، جو سوشل میڈیا سائٹس پر لوگوں کو آن لائن سستے ٹکٹ کرانے کی پیشکش کرکے فراڈ کررہے ہیں، یہ فراڈ صرف پیسوں کی حد تک ہی نہیں ہے، بلکہ لوگ آن لائن بکنگ کے لئے اپنی سفری دستاویزات اور کریڈٹ کارڈ کی تفصیلات بھی دیتے ہیں، اور جعلساز گروہ ان معلومات کو بھی اپنے مقاصد کے لئے استعمال کرکے آپ کے لئے پریشانی کھڑی کرسکتے ہیں، ہوسکتا ہے کہ آپ کو پتہ ہی نہ چلے اور جعلساز گروہ آپ کی شناختی دستاویز استعمال کرکے کوئی ایسی واردات کرجائیں کہ جس کا خمیازہ آپ کو بھی بھگتنا پڑجائے۔

پولیس کی وارننگ

دبئی پولیس کے شعبہ سی آئی ڈی کے ڈائریکٹر بریگیڈئیر جمال سلیم الجلاف کا کہنا ہے کہ ہم لوگوں کو ان جعلساز گروہوں سے بچانے کے لئے کوشش کررہے ہیں، خلیجی اخبار کے مطابق انہوں نے بتایا کہ مختلف ملکوں یا شہروں کے لئے سستے ٹکٹ اور پیکجز کی آن لائن پیشکش کرنا ان کے طریقہ وارادت میں سے ایک ہے، انہوں نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ جعلسازوں سے بچیں، اور ٹکٹوں یا سفری پیکجز کے لئے معتبر اور تصدیق شدہ اداروں اور ائرلائنز کا انتخاب کریں، انہوں نے لوگوں کو خبردار کیا کہ وہ سوشل میڈیا پر جعلسازوں سے ہوشیار رہیں، جو لوگوں کو دھوکہ دینے کے لئے بعض معروف اداروں کا نام بھی جعلسازی سے استعمال کررہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ کئی جعلساز گروپ ویب سائٹس اور پیجز یواے ای کے باہر سے چلارہے ہیں، اس لئے لوگ آن لائن بکنگ کراتے وقت بہت ہوشیار رہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.