عمان میں بے روزگاری کیخلاف مظاہرے، سلطان نے نئے اقدامات کا اعلان کردیا

0

مسقط: کرونا وائرس سے پیدا شدہ بحران نے خوشحال ملکوں کی بھی بنیادیں ہلادی ہیں، ایسا ہی کچھ تیل پیدا کرنے والے ایک عرب ملک کے ساتھ ہی ہوا ہے، جہاں بڑھتی بے روزگاری کیخلاف مظاہرے شروع ہوگئے، جس پر ملک کے سلطان نے فوری طور پر ہزاروں ملازمتیں دینے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بادشاہت کا نظام رکھنے والے عرب ممالک میں مظاہروں کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا، لیکن کرونا سے پیدا شدہ مالی بحران سے پریشان عمان کے شہریوں نے مظاہرے شروع کردئیے ہیں، مملکت میں بڑھتی بے روزگاری اور کم ہوتی آمدن سے پریشان عمانی شہریوں نے کئی مقامات پر مظاہرے کئے ہیں، عرب اخبار کے مطابق بعض جگہوں پر مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا ہے اور جواب میں پولیس نے بھی شیلنگ کی ہے، جو عُمان جیسے ملک میں غیر معمولی بات ہے، ان مظاہروں کے بعد عمان کے سلطان نے شہریوں کے لئے 32 ہزار نئی ملازمتیں پیدا کرنے کا اعلان کیا ہے، فوج، حکومتی اداروں اور سول کاروباری اداروں میں پیدا کی جائیں گی۔

عُمان کے سلطان ہیثم بن طارق کے منگل کو جاری کردہ فرمان کے مطابق سرکاری شعبے میں 2 ہزارعُمانی شہریوں کو ملازمتیں دی جائیں گی۔ نجی شعبے کی لیبر مارکیٹ میں شامل ہونے والے نئے ملازمین کو 200 عُمانی ریال حکومت کی طرف سے ادا کیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ لوگوں کو مختلف سرکاری محکموں میں 10 لاکھ گھنٹے کے وقت کے جز وقتی روزگار کے مواقع مہیا کیے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.