اٹلی میں 20 برس بعد بڑا حادثہ

0

روم: اٹلی میں بڑا حادثہ پیش آگیا، 20 برس بعد اتنا بڑا حادثہ پیش آیا ہے، جس میں بڑا جانی نقصان بھی ہوا، جبکہ زخمیوں کیلئے ہیلی کاپٹر طلب کرلئے گئے،  کیبل کار میں بیٹھ کر قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہورہے تھے، حادثے کی تحقیقات  شروع کردی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں لاک ڈاؤن ختم ہونے اور سیاحتی سرگرمیاں بحال ہونے کے بعد بڑا حادثہ پیش آگیا ہے، جس میں 13 افراد ہلاک اور 2 بچے شدید زخمی ہوگئے، حادثے کا شکار افراد سیاحت کے لئے نکلے تھے، اور ایک کیبل کار میں بیٹھ کر قدرتی نظاروں سے لطف اندوز ہورہے تھے کہ اچانک کیبل کار سینکڑوں فٹ اونچائی سے زمین پر آگری، یہ حادثہ پیومونتے ریجن میں پیش آیا ہے، کیبل کار Stresa کے خوبصورت قصبے سے 4900 فٹ بلندی پر واقع پہاڑی اسٹیشن  پر جارہی تھی، اور اس کی یہ مسافت 20 منٹ کی بتائی جاتی ہے، اٹلی کی الپائن ریسکیو سروس نے بتایا ہے کہ حادثے میں 13 افراد کی جانیں گئی ہیں، جبکہ صرف دو بچے زندہ بچے ہیں، جن کی عمریں 5 اور 9 برس ہیں، دونوں زخمیوں کو ہیلی کاپٹر میں تورینو منتقل کردیا گیا ہے۔

حادثہ اس وقت پیش آیا، جب کیبل کار پہاڑوں کے اوپر سے گزررہی تھی، سینکڑوں فٹ اونچائی سے نیچے گرنے کے بعد کیبل کار نے ڈھلانی زمین پر کئی قلابازیاں کھائیں، اور پھر درختوں سے ٹکرا کر رک گئی، پہاڑوں پر ہائیکنگ کرنے والے افراد نے کیبل کار گرنے سے اٹھنے والی آوازوں کو سنا، جس کے بعد   حکام کو اطلاع دی گئی، تاہم پہاڑی اور دشوار گزار علاقہ ہونے کی وجہ سے امدادی سرگرمیوں میں بھی مشکلات پیش آئیں۔

علاقے کی مئیر کا کہنا ہے کہ کچھ متاثرین کار کے اندر پھنسے ہوئے تھے، لاشوں کی شناخت کا عمل شروع کردیا گیا ہے، اور ان میں غیر ملکی سیاح بھی شامل ہیں، انہوں نے بتایا کہ کیبل کار کی حالیہ برسوں میں مرمت کی گئی تھی، اور کیبل تبدیل کی گئی تھی، انہیں یقین نہیں آرہا کہ حادثہ کیسے ہوا ہے، اطالوی سرکاری خبر ایجنسی کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر حادثہ کیبل ٹوٹنے کی وجہ سے پیش آیا ہے، حادثے کے بعد پورے اٹلی میں عارضی طور پر اسکئی لفٹس کو  روک دیا گیا  ہے، اتوار کو ہوئے حادثے کو 1998 میں  ہونے والے حادثے کے بعد اٹلی کا بڑا کیبل کار حادثہ قرار دیا جارہا ہے، 20 برس قبل ہوئے حادثے میں ایک امریکی فوجی طیارہ نچلی پرواز کے دوران کیبل  کار سے ٹکرا گیا تھا، جس میں 20 افراد کی جان  گئی تھی۔  جس علاقے Mount Mottarone میں یہ حادثہ پیش آیا ہے، وہ اپنی قدرتی خوبصورتی اور  شفاف جھیلوں کی وجہ سے شہرت رکھتا  ہے، اس علاقے میں 7 جھیلیں ہیں، جن میں اٹلی کی دوسری بڑی جھیل Lake Maggiore بھی شامل ہے۔

اطالوی وزیر ٹرانسپورٹ انریکو  گیوننی Enrico Giovannini نے حادثے کو المناک قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے متعلقہ حکام سے بات کی ہے، اور ہم یہ جاننے کی کوشش کررہے ہیں کہ حادثہ کیسے اور کیوں پیش آیا، اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی نے بھی  متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.