اٹلی میں لڑکی کو ایک کے بجائے کئی ڈوز ویکسین لگادی گئی، پھر کیا ہوا؟

0

روم: اٹلی میں ویکسین لگانے والی نرس کی غلطی نے حکام کے لئے بڑی پریشانی کھڑی کردی، ویکسین لگوانے والی خاتون کو بھی آبزرویشن میں رہنا پڑگیا، لڑکی کو ایک خوراک کے بجائے ویکسین کی 6 خوراکیں انجکشن میں بھر کر لگادیں، یہ واقعہ اطالوی ریجن تسکونی میں پیش آیا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں کرونا کی وبا سے نمٹنے کے لئے ویکسین لگانے کی مہم تیزی سے جاری ہے، لیکن اس دوران کچھ غلطیاں بھی سامنے آرہی ہیں، اور ایسی ہی ایک غلطی اٹلی میں سامنے آئی ہے، جہاں تسکونی کے قریب Massa میں نرس نے ویکسین لگوانے کے لئے آنے والی 23 سالہ لڑکی کو ایک خوراک کے بجائے ویکسین کی 6 خوراکیں انجکشن میں بھر کر لگادیں، نرس کو ویکسین کی بوتل سے ایک خوراک کے برابر مقدار لینی تھی، لیکن اس نے فائزر ویکسین کی پوری بوتل ہی انجکشن میں بھرلی اور پھر اسے لڑکی کے بازو میں لگا بھی دیا، تاہم یہ غلطی فوری نظر میں آگئی ،اور حکام نے اس لڑکی کو طبی آبزرویشن میں رکھ لیا، جسے ویکسین کی ایک کے بجائے 6 ڈوزیں لگادی گئی تھیں، حکام کا کہنا ہے کہ لڑکی میں الرجی سمیت کسی قسم کے کوئی مضر اثرات سامنے نہیں آئے، اوراس کی صحت اچھی رہی۔

حکام کے مطابق لڑکی کو ایک دو روز آبزرویشن میں رکھنے کے بعد گھر جانے کی اجازت دے دی گئی ، واضح رہے کہ اس سے پہلے فائزر ویکسین کی اوور ڈوز کے واقعات امریکہ ، آسٹریلیا اور جرمنی میں بھی پیش آچکے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.