کرونا کے بعد بھارت میں کیا پھیلنا شروع ہوگیا؟، برطانیہ میں بھارتی وائرس پر تشویش کیوں؟

0

دہلی: بھارت میں کرونا کی صورتحال بدستور خراب ہے، ایسے میں دریائے گنگا سے لاشیں ملی ہیں، جبکہ کرونا کے ساتھ بھارت میں ایک خطرناک فنگس بھی پھیلنا شروع ہوگیا ہے، دوسری طرف برطانیہ میں بھی بھارتی وائرس کے مریض سامنے آنے پر تشویش پائی گئی ہے، بھارت میں کرونا کی صورتحال کچھ یوں ہے۔

1۔ بھارتی ریاست بہار اور اتر پردیش کے سنگم پر دریائے گنگا میں150 سے زائد لاشیں ملی ہیں، بھارتی اخبار ’’ٹائمز آف انڈیا ‘‘ کے مطابق یہ لاشیں ممکنہ طور پر ان کرونا مریضوں کی ہیں، جن کے لواحقین انہیں شمشان گھاٹوں میں جلا نہیں سکے، تاہم مقامی حکام نے لاشوں کی تعداد 40 سے 45 بتائی ہے، برطانوی اخبار ڈیلی میل نے ان لاشوں کی بلر ویڈیو بھی جاری کی ہے، جن میں لاشیں نظر آرہی ہیں، ماحولیاتی ماہرین کرونا مریضوں کی لاشیں اس طرح دریا بر د کرنے پر تشویش کا شکار ہیں کیوں کہ اس سے دریا کا پانی آلودہ ہوسکتا ہے، این ڈی ٹی وی کے مطابق یہ لاشیں 5 سے 7 دن پرانی ہیں، بہار کے حکام کا کہنا ہے کہ لاشیں اترپردیش سے بہہ کر آئی ہیں، واضح رہے کہ کرونا مریضوں کی لاشوں کو ایس اوپیز کے تحت دفنانا یا تلف کرنا ہوتا ہے، پیر کو بھارت میں 3754 اموات اور 3 لاکھ 66 ہزار سے زائد کیس سامنے آئے،

2۔ کرونا وائرس سے صحت یاب ہونے والے بھارتیوں کو اب ایک نئے خطرے نے آگھیرا ہے، اور وہ ’’بلیک فنگس‘‘ کا شکار ہورہے ہیں، جو لوگوں کی بینائی متاثر کرنے کے ساتھ ان کی جان بھی لے سکتی ہے، گجرات، مہاراشٹر، بنگلور، حیدرآباد، پونے اور دہلی میں بلیک فنگس کے سینکڑوں متاثرین سامنے آئے ہیں۔

جرمن خبررساں ادارے کے مطابق ان میں متعدد افراد کی جان بچانے کے لیے ان کی آنکھ نکال دی گئی جبکہ بعض لوگوں کے جبڑے نکالنے پڑے۔ دہلی کے آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے سابق ڈائریکٹر ڈاکٹر ایم سی شرما کا کہنا ہے کہ کرونا مریضوں کو آئی سی یو میں جو دوائیں دی جاتی ہیں، اس سے قوت مدافعت کمزور ہوجاتی ہے،اور فنگس کے حملے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، بخار، کھانسی، سردرد، سانس لینے میں پریشانی، خون کی قے، دانتوں میں درد، سینے میں تکلیف بھی بلیک فنگس کی ابتدائی علامتیں ہیں۔ڈاکٹروں کے مطابق بلیک فنگس میں شرح اموات پچاس فیصد تک ہوتی ہے۔ ممبئی کے ڈی وائی پٹیل اسپتال کے ڈاکٹر یوگیش کا کہنا ہے کہ فنگس کے علاج کیلئے دوائیاں بھی مہنگی ہیں، جبکہ ان کی قلت بھی شروع ہوگئی ہے،

3۔ بھارتی ماہرین کے بعد امریکہ میں وائٹ ہاوس کے ایڈوائزر انتھونی فوسی نے بھی بھارتی وزیراعظم مودی پر زوردیا ہے کہ وہ وبا پر قابوپانے کے لئے لاک ڈاون لگائیں، دوسری طرف امریکی مشی گن یونیورسٹی کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ کرونا وائرس اب بھارتی ریاست آسا م میں تیزی سے پھیلنے جارہا ہے، جہاں حال ہی میں الیکشن اور جلسے ہوئے ہیں، آسام بنگلہ دیش، میانمار اور بھوٹان کے قریب واقع بھارتی ریاست ہے۔

آسام کے ڈائریکٹرصحت ڈاکٹر لکشمن کا کہنا ہے کہ ہم صورتحال سے نمٹنے کی تیاری کررہے ہیں، اور ایک ہزار بستروں کا اضافہ کیا جارہا ہے، ا ٓندھرا پردیش میں بھی کرونا کے مریض بڑھنے لگے ہیں۔

4۔ ریاست کیرالہ میں کرونا مریض کو ایمبولینس نہ ملنے پر موٹرسائیکل پر اسپتال منتقل کرنے کی ویڈیو سامنے آئی ہے، جو برطانوی میڈیا نے بھی دی ہے، جس میں محفوظ طبی لباس پہنے دو افراد مریض کو درمیان میں بٹھا کر موٹرسائیکل پر اسپتال لے جارہے ہیں۔

5۔انگلینڈ کے چیف میڈیکل افسر پروفیسر کرس وٹی نے خبردار کیا ہے کہ بھارتی وائرس انگلینڈ میں پہلے سے پائے جانے والے وائرس سے زیادہ تیزی سے پھیل سکتا ہے، لندن میں اب 50 فیصد نئے کیس بھارتی وائرس کے آرہے ہیں، ہمیں اس پر نظر رکھنی ہوگی، اس سے پہلے کہ یہ خطرناک ہوجائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.