اٹلی میں امیگریشن کیلئے اپلائی کرنےوالوں کیلئے نئی پریشانی کھڑی ہوگئی

0

روم: اٹلی میں امیگریشن حاصل کرنے کے لئے درخواستیں دینے والے پاکستانیوں سمیت ہزاروں غیرملکیوں کے لئے نئی پریشانی کھڑی ہوگئی، نئی اطالوی حکومت نے امیگریشن دینے کے حوالے سے قواعد میں ایک ایسی تبدیلی کردی ہے، جس سے درخواستیں جمع کرانے والے ہزاروں تارکین کے کاغذات مسترد ہونے کا خدشہ ہے۔

تارکین کے حقوق کیلئے کام کرنے والی 20 تنظیموں نے حکومت سے فوری طور پر ترمیم واپس لینے کا مطالبہ کردیا ہے، تفصیلات کے مطابق تارکین اور انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی 20 سے زائد تنظیموں نے اطالوی وزیراعظم ماریو دراغی، وزیرداخلہ، وزیر لیبر، زراعت اور وزیر صحت کو خط لکھا ہے، جس میں ان تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ گزشہ ماہ 21 اپریل کو جاری کیا گیا لیٹر واپس لے، جس میں ریگولرائزیشن کے لئے درخواستیں جمع کرانے والے 2 لاکھ سے زائد تارکین وطن پر اضافی شرط عائد کردی گئی ہے، نئی ترمیم کے ذریعہ کہا گیا ہے کہ ایسے تارکین جنہوں نے ریگولرائزیشن کے لئے مختصر مدتی ملازمت کے کنٹریکٹ جمع کرائے ہیں، اگر ان کے کنٹریکٹ کی مدت اس دوران ختم ہوگئی ہے، اور انہیں ملازمت کا نیا کنٹریکٹ نہیں ملا، تو ان تارکین کو امیگریشن نہیں دی جائے گی، اور ان کی درخواستوں پر کارروائی روک دی جائے گی، یہ ترمیم اطالوی وزارت داخلہ نے کی ہے، اس میں کہا گیا ہے کہ صرف ان تارکین کو امیگریشن و پرمٹ جاری کیا جائے گا، جن کا کنٹریکٹ ان کے مالک نے بڑھادیا ہو۔ تارکین کی خبریں دینے والی ویب سائٹ ’’انفو مائیگرینٹ‘‘ کے مطابق ان تنظیموں نے حکومتی اقدام کو غیرقانونی قرار دیا ہے۔

ان تنظیموں نے خط میں لکھا ہے کہ رائج قانون کے تحت اگر کسی تارک وطن کی ملازمت ختم بھی ہوجائے، یا کنٹریکٹ کی مدت پوری ہوجائے تو اس صورت میں بھی درخواستیں جمع کرانے والے تارکین وطن کو امیگریشن دی جائے گی، تاکہ وہ قانونی طور پر نئی ملازمت تلاش کرسکیں، ان تنظیموں کا کہنا ہے کہ نئی حکومتی ترمیم تارکین وطن کی ریگولرائزیشن کے فلسفے کے بھی منافی ہے، اس سے ان تارکین وطن کا نقصان ہوسکتا ہے، جو قانونی حیثیت کے خواہشمند ہیں، خط میں کہا گیا ہے کہ تارکین کی ریگولرائزیشن کا عمل پہلے ہی بہت تاخیر کا شکار ہوچکا ہے، اب اس میں نئی شرط عائد کرنا اس پورے عمل کو مزید پچیدہ کردے گا، ان تنظیموں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس ہیڈ کوارٹرز کو ہدایات جاری کرے کہ وہ ایسے تمام تارکین کو بھی پرمٹ جاری کریں، جن کے ملازمت کے کنٹریکٹ   ختم ہوچکے ہیں، خط لکھنے والی تنظیموں میں اطالوی آکسفام، ڈاکٹرز فار ہیومین رائٹس، انٹر سوس، ایمنسٹی انٹرنیشنل اٹلی، Community of Sant’Egidio اور Association for Juridical Studies on Immigration شامل ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.