لداخ:بھارت اپنے علاقوں سے دستبردار، چین کا معاملہ حل ہونے کا اعلان

0

بیجنگ : بھارت لداخ میں  چین کے حق میں ان علاقوں سے خاموشی سے  دستبردار ہوگیا ہے جن پر پیپلز لبریشن آرمی نے حالیہ دنوں میں قبضہ کیا ہے،ان میں بالخصوص پنگانگ  جھیل کے شمال کی طرف واقع حصے اور دریائے گلوان کی وادی کے بعض علاقے شامل ہیں۔

بھارت کی جانب سے دستبردار ہونے کے اعلان کے بعدچین نے معاملہ ہونے کا اعلان کردیا،چینی ترجمان نے  کہا ہے کہ تنازعہ حل کرلیا گیا ہے ،  علاقے میں دونوں ملکوں کی افواج کی پوزیشیں بھی تبدیل  ہوگئی ہیں ،اور اگلے محاذوں پر نفری کم کردی گئی ہے ۔

علاقے میں موجود بھارتی فوجی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ چینیوں نے حال ہی میں جن نئے ٹھکانوں پر قبضہ کیا ہے، وہ ان سے دستبردار ہونے سے انکاری ہیں اوروہاں انہوں نے تیزی سے پختہ تعمیرات کرلی ہیں ۔

انہوں نے تصدیق کی کہ  بات چیت جاری رکھنے  پر اتفاق  کے علاوہ بھارت  مذاکرات  میں کچھ حاصل نہیں کرسکا اور یہ کہ دونوں ملکوں کے فوجی کمانڈروں نے   کشیدگی کم کرنے   پر اتفاق کیا ہے ،جس کے بعد  افواج کو  سرحد سے پیچھے  بلالیا گیا ہے ۔

 اس حوالے جنرل سطح کی  ہفتہ کو ملاقات ہوئی تھی جبکہ بدھ کو بریگیڈ کمانڈر ز  میں  بات چیت ہوئی ، جس میں فوجی پوزیشنیں   امن کی حالت میں لے جانے   کے عمل کا جائزہ لیا گیا اور اس  پر اطمینان کا اظہار کیا گیا ۔

ذرائع کے مطابق چین نے   وادی گلوان میں قبضہ کئے گئے  علاقے میں سے تھوڑا سا حصہ    بھارت  کیلئے چھوڑ کر  انہیں ’’مطمئن ‘‘ کردیا ہے ،جبکہ پنگانگ جھیل   میں چین  اپنی نئی پوزیشن سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹا ۔

دوسری جانب بھارت نےنئی صورتحال کو قبول کرلیا ہے ، اور مزید شرمندگی سے بچنے کیلئے  معاملے پر مٹی ڈالنے کی  کوششیں شروع کردی ہیں ۔

اس حوالے سے  چینی وزارت خارجہ نے  کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ پیدا ہونے والی حالیہ سرحدی کشیدگی کے حل کے لیے  مثبت اتفاق رائےطے پا گیا ہے ۔

خاتون ترجمان نے بیجنگ میں کہا کہ اب دونوں اطراف اس اتفاق رائے کی بنیاد پر کشیدگی  ختم کرنے کیلئے اقدامات کررہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.