لاک ڈاؤن پر ناراض افراد کی اطالوی وزیرصحت کو دھمکیاں، سالوینی بھی میدان میں

0

روم: اٹلی میں کرونا پابندیاں لگوانے پر وزیر صحت کو جان کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے، جس کے بعد پولیس نے 4 افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے گھروں پر چھاپے مارے ہیں، اور انہیں شامل تفتیش کرلیا ہے، دوسری طرف ماتیو سالوینی نے بھی وزیرصحت کو پابندیوں کی وجہ سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے وزیر صحت رابرٹ سپرانزا جو کرونا کی وجہ سے پابندیوں کے احکامات پر دستخط کرتے ہیں، انہیں خاندان سمیت جان سے مارنے کی دھمکیاں ملنے کا انکشاف ہوا ہے، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق روم کے پراسیکیوٹرز نے اس سلسلے میں 4 افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے، یہ چاروں اطالوی شہری ہیں، اور ای میلز کے ذریعہ وزیرصحت کو دھمکیاں دے رہے تھے، چاروں الگ الگ ریجنز سے تعلق رکھتے ہیں۔ کارابیری پولیس نے چار ریجنز میں ان کے لئے چھاپے مارے ہیں، جن میں Turin, Cagliari, Varese ، Enna شامل ہیں، حکام کا کہنا ہے کہ چاروں گزشتہ سال اکتوبر سے لے کر جنوری تک وزیرصحت کو دھمکی آمیز پیغامات بھیجنے میں ملوث رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی اور جرمنی نے یورپی شہریوں کیلئے بھی سختی اور شرائط رکھ دیں

وزیر صحت رابرٹ سپرانزا کرونا پابندیاں لگانے کی وجہ سے ان کا ہدف بن رہے تھے، اور ای میلز میں وزیرصحت کو کہا جارہا تھا کہ ان کی اور ان کے خاندان کی جانیں بھی لی جاسکتی ہیں، پولیس نے دھمکیاں کے لئے استعمال ہونے والے آلات برامد کرلئے ہیں، اور یہ دیکھا جارہا ہے کہ کیا یہ کسی گروپ سے تو وابستہ نہیں تھے۔

دوسری جانب قوم پرست رہنما اور لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے بھی وزیرصحت رابرٹ سپرانزا کو نشانے پر رکھ لیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ اٹلی کو اپنے نظریات کی وجہ سے اپریل میں بھی لاک ڈاؤن میں جھونکے رکھنا چاہتے ہیں، حالاں کہ سالوینی کے بقول سائنسی طور پر دیکھا جائے تو اس کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے کہ اطالوی وزیر صحت کا تعلق بائیں بازو کی چھوٹی جماعت لیو گروپ سے ہے، سالوینی نے ایسٹر کے بعد لاک ڈاون جاری رکھنے کو شہریوں کو یرغمال بنانے سے بھی تعبیر کیا، اور کہا کہ سپرانزا کیوں چاہتے ہیں کہ اپریل میں بھی ہر چیز بند رہے؟۔ یہ ان کی نظریاتی چوائس ہے، اور اس کا سائنس سے کوئی تعلق نہیں، انہوں نے کہا کہ میں اطالوی شہریوں کی قیمت پر نظریاتی چوائسز سے تنگ آگیا ہوں، وزیر صحت کو یہ بات سمجھنی ہوگی ، کہ سائنسی جواز کے بغیر لاک ڈاون سے ہونے والا نقصان کئی برس تک بھگتنا پڑے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.