بیوی کے ساتھ کھانا پکانے کا شوق مہنگا پڑگیا

0

روم : وہ کہتے ہیں ناں کہ انسان کی جب قسمت خراب ہوتی ہے، تو وہ اونٹ پر بھی بیٹھا ہو تو کتا کاٹ لیتا ہے، تو ایسا ہی کچھ اٹلی کے دو بڑے مجرموں کے ساتھ ہوا ہے، اٹلی سے فرار کے بعد برسوں سے بیرون ملک عیاشی اور سکون کی زندگی گزارنے والے آگے پیچھے پکڑے گئے۔

اور ان کے پکڑے جانے کی وجوہات بھی بڑی دلچسپ نکلیں، ایک کو اس کے کھانے پکانے کے شوق نے پھنسادیا، تو دوسرا کرونا میں ایسا پھنسا کہ پھر قانون کے شکنجے میں آنے سے نہ بچ سکا، تفصیلات کے مطابق اٹلی کی سب سے خطرناک اور بڑی مافیا ندرانگتا کے دو بڑے ڈان پکڑے گئے ہیں، گزشتہ 6 برس یعنی 2014 سے اٹلی سے فرار مافیا لیڈر مارک فیرین کلاؤڈ بیارٹ لاطینی امریکی ملک ڈومینیک ریپبلک سے پکڑا گیا ہے، اور اسے اٹلی منتقل بھی کردیا گیا ہے، کلاوڈ بیارٹ اٹلی سے فرار ہونے کے بعد ڈومینیک ریپبلک میں اپنی اہلیہ کے ساتھ عیاشی اور سکون کی زندگی گزار رہا تھا، لیکن اسے اس کا کھانے پکانے کا شوق پھنسا گیا، مافیا ڈان اپنی بیوی کے ساتھ اطالوی کھانوں پر یوٹیوب کی ویڈیو بناتا تھا، وہ ویڈیو میں اس بات کو یقینی بناتا کہ اس کی تصویر سامنے نہ آئے، بلکہ آواز اور جسم کے دوسرے حصے ہاتھ وغیرہ ہی نظر آتے تھے، تاکہ کوئی اسے پہچان نہ سکے، وہ ڈومینیک ریپبلک کے ایک قصبے بوکا چیکا میں رہ رہا تھا۔ اگر چہ اس کی شناخت کیسے ہوئی اس کی بہت تفصیل سامنے نہیں آئی، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ہر ویڈیو میں اس کا چہرہ چھپا کر رکھنا اسے مشکوک بنا گیا۔

اور بالاخر اطالوی پولیس نے اسے یوٹیوب ویڈیو سے ہی اس کے بازوؤں اور جسم پر بنے ٹیٹو سے پہچان لیا، جس کے بعد انٹرپول کی مدد سے اسے گرفتار کرلیا گیا۔ کلاؤڈ بیارٹ کو سخت نگرانی میں اطالوی شہر میلان پہنچا دیا گیا ہے۔

دوسرا کیسے پکڑا گیا

ندرانگتا مافیا سے تعلق رکھنے والا دوسرا ڈان بھی  اطالوی پولیس کو چکمہ دے کر پڑوسی ملک پرتگال میں ہی چھپا ہوا تھا، فرانسسکو پیلی نامی یہ ڈان مخالف مافیا ڈان پر حملے سمیت مختلف مقدمات میں ملوث اور سزا یافتہ تھا، اب اسے پرتگال میں کرونا ہوگیا، اور وہ کرونا کے علاج کے لئے پرتگالی دارالحکومت لزبن کے اسپتال میں داخل تھا، جہاں اس کی موجودگی کی اطلاع اطالوی اداروں کو مل گئی اور یوں وہ پکڑا گیا۔اطالوی وزیر داخلہ لو زیانا  لیمر گیز کا کہنا ہے کہ لزبن میں گرفتار ہونے والا پیلی خطرناک مفرور ملزم ہے۔ پیلی کو اطالوی عدالت 2019 میں عمر قید کی سزا ہوچکی ہے لیکن وہ دورانِ سماعت روپوش ہو گیا تھا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.