برطانوی کمپنی کی ویکسین کا استعمال روکنے پر یورپی ممالک تقسیم ہوگئے

0

برسلز: برطانوی کمپنی کی ویکسین آسٹرا زینیکا کا استعمال روکنے پر یورپی ممالک میں اختلافات پیدا ہوگئے ہیں، آسٹریا، ڈنمارک، ناروے سمیت 6 ممالک کی جانب سے ویکسین کا استعمال عارضی معطل کرنے کے فیصلے پر بڑے یورپی ملک نے اعتراض کردیا ہے، جبکہ یوری میڈیسن ایجنسی نے بھی ویکسین کو محفوظ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق بعض افراد میں خون جمنے کی شکایت سامنے آنے پر 6 یوری ممالک نے مکمل یا جزوی طور پر آسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال روکنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اس  فیصلے پر جرمن وزیر صحت ژینس اشپاہن نے اعتراض کیا ہے، جبکہ یوری میڈیسن ایجنسی نے بھی ویکسین کو محفوظ قرار دیا ہے، جرمن وزیرصحت نے کہا کہ اس ویکسین کے فوائد خطرات سے کہیں زیادہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یورپی ماہرین سے گفتگو کے بعد وہ یہ بات اعتماد سے کہہ سکتے ہیں کہ اس ویکسین کے استعمال اور بلڈ کلوٹنگ کے درمیان کوئی واضح تعلق نہیں ملا۔

یہ بھی پڑھیں:برطانوی ویکسین لگانے پر ایسا کیا ہوا کہ یورپی ممالک کو پابندی لگانی پڑگئی؟

جرمنی میں وبائی امراض پر کام کرنے والے ادارے رابرٹ کوخ انسٹیٹیوٹ کے صدر لوتھر ویلر نے بھی کہا ہے کہ ڈنمارک اور دیگر ممالک میں ویکسین اور بلڈکلوٹنگ کے واقعات تعداد کے اعتبار سے غیر اہم ہیں۔ عالمی ادارہ صحت نے بھی کہا ہے کہ اسٹرا زینیکا کے استعمال کو روکنے کی کوئی معقول وجہ موجود نہیں۔ اٹلی نے بھی آسٹرا زینیکا کے بیچ کا استعمال روک دیا تھا، تاہم اطالوی وزیر صحت رابرٹ سپرانزا نے بھی کہا ہے کہ ویکسین محفوظ ہے۔

فرانس نے بھی آسٹرا زنیکا ویکسین کو محفوظ قرار دیتے ہوئے اس کا استعمال جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ فرانس کی میڈیسن ایجنسی کے سربراہ اولیور ویرن نے کہا ہے کہ 50 لاکھ افراد کو ویکسین لگائی گئی ہے اگر ان میں سے 30 افراد میں خون جمنے کی شکایت سامنے آئی ہے تو یہ کوئی بڑا معاملہ نہیں ہمیں ویکسین کے فوائد پر نظر رکھنی چاہئے انہوں نے ویکسین معطل کرنے والے یورپی ملکوں سے کہا کہ وہ یورپی میڈیسن ایجنسی کی ہدایات کی پیروی کریں جس نے ویکسین کو محفوظ قرار دیا ہے۔ دوسری طرف کچھ یورپی ممالک کی پیروی کرتے ہوئے ایشیائی ملک تھائی لینڈ نے بھی کورونا وائرس کے خلاف آسٹرا زینیکا ویکسین کا استعمال روکنے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے کہ برطانوی کمپنی کی تیار کردہ آسٹرا زنیکا ویکسین میں سنگین مسئلہ سامنے آیا ہے، اور ویکسین لگوانے والے کئی افراد میں خون جمنے کے واقعات  پیش آئے ہیں

Leave A Reply

Your email address will not be published.