اٹلی میں حکومت بنتے ہی آزمائش کا شکار، لاک ڈاؤن پر ماہرین، سیاستدان آمنے سامنے

0

روم: اٹلی میں نئی حکومت کو اقتدار سنبھالتے ہی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑگیا، دوسرے ہی دن حکومت میں اختلافی آواز  آگئی ہے، جبکہ حکومت کی صحت سے متعلق کمیٹی کی رپورٹ پر سیاستدانوں اور ماہرین میں اختلافات پیدا ہونا شروع ہوگئے ہیں، سائنسدانوں کی کمیٹی نے ایسی سفارش کردی ہے، جو گزشتہ برس کی یاد دلادے گی۔

تفصیلات کے مطابق یورپی بینک کے سابق سربراہ ماریو دراغی کو حکومت سنبھالتے ہی مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑگیا ہے، اگرچہ پارلیمنٹ کی تمام بڑی جماعتیں ان کی حکومت میں شامل ہیں، لیکن حکومت بننے کے دوسرے روز ہی پالیسی پر پہلا اختلاف سامنے آگیا، حکومت نے کرونا کی نئی لہر کے خدشے پر پیر سے اسکائی ریزورٹ کھولنے کا  فیصلہ ملتوی کردیا، اور اب انہیں 5 مارچ تک بند رکھنے کا اعلان کیا گیا ہے، اس فیصلے پر ایک طرف اسکائی ریزورٹ چلانے والوں کی ایسوسی ایشن کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے، اور بعض نے تو حکومتی اعلان کے برخلاف اپنے ریزورٹ کھولنے تک کا اعلان کردیا، تو دوسری جانب حکومت میں بھی اختلافی آواز سامنے آگئی۔ لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے حکومت کی جانب سے عین وقت پر اسکائی ریزورٹ کھولنے کا فیصلہ واپس لینے پر کہا ہے کہ ضرورت اس بات کی ہے کہ ایسے فیصلوں سے  لوگوں کو بروقت آگاہ کیا جائے، اسی طرح پی ڈی کی قیادت بھی حکومتی فیصلے سے ناخوش نظر آئی، اور انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اسکائی ریزورٹ چلانے والوں کے نقصان کی فوری تلافی کیلئے حکومت اقدامات کرے۔

حکومتی کمیٹی کی ڈرا دینے والی رپورٹ

دوسری جانب کرونا کے حوالے سے قائم حکومت کی ٹیکنیکل اور سائنٹفک کمیٹی (سی ٹی ایس) نے پیر کے اجلاس میں اٹلی میں خطرناک برطانوی کرونا وائرس کے بڑھتے مریضوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے حکومت سے فوری طور پر ملک بھر میں  سخت لاک ڈاؤن کا مطالبہ کردیا ہے، لیکن اس مطالبے کی سیاسی مخالفت بھی سامنے آگئی ہے، ماہرین کی کمیٹی نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ فرانس اور جرمنی کی طرح سخت اقدامات اٹھائے، کمیٹی کے رکن اور وبائی امراض کے ماہر آندرے کرسانتی اور روم کی کیتھولک یونیورسٹی کے پروفیسر والٹر ریکارڈی نے کہا کہ اٹلی کو نئے وائرس سے بچانے کے لئے سخت لاک ڈاؤن ناگزیر ہوگیا ہے، ورنہ ہمیں بھی برطانیہ، پرتگال اور اسرائیل جیسی تباہی کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

ایک اور ماہر نینو کارٹا بلوٹا نے کہا کہ ہمیں فوری طور پر دو ہفتے کا سخت لاک ڈاؤن کرنا ہوگا، ورنہ ہم 2021 کا پورا سال اسے بھگتے رہیں گے، تاہم حکومت میں شامل لیگ پارٹی کے سربراہ ماتیو سالوینی نے ماہرین کی رپورٹ پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے، اور کہا ہے کہ وہ خوف پھیلا رہے ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.