برطانیہ آنے والے مسافروں کیلئے نئی پالیسی، مانچسٹر میں ہزاروں افراد کی ٹیسٹنگ شروع

0

لندن: برطانیہ نے ملک میں آنے والے تمام مسافروں کے لئے ایک نہیں دو کرونا ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کرلیا ہے، دوسری طرف مانچسٹر میں نئے کرونا وائرس کے مریض سامنے آنے پر ہزاروں افراد کی ٹیسٹنگ کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور یہ سلسلہ منگل سے شروع کیا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق دنیا بھر میں سفر کے لئے اس وقت پیشگی کرونا ٹیسٹ لازمی ہے، تاہم اب برطانوی حکومت نے دوسرے ملکوں سے کرونا ٹیسٹ کراکے آنے والوں کے بھی ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا ہے، اور ایک نہیں بلکہ دو ٹیسٹ لئے جائیں گے،  آئی ٹی وی کے رپورٹر پال برانڈ کی رپورٹ کے مطابق  پہلا ٹیسٹ برطانیہ داخلے کے دوسرے روز اور دوسرا آٹھویں روز لیا جائے گا، رپورٹ کے مطابق اس بات کا باضابطہ اعلان  کسی بھی وقت کردیا جائے گا۔

مانچسٹر میں نئے کیس

ادھر مانچسٹر میں کرونا کی نئی قسم کے 4 نئے مریض سامنے آنے کے بعد ہزاروں شہریوں کے ٹیسٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، مانچسٹر سٹی کونسل کا کہنا ہے کہ منگل سے 10 ہزار سے زائد اضافی ٹیسٹوں کا سلسلہ شروع کیا جارہا ہے، لوگوں کے گھروں پر جاکر بھی ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی، مانچسٹر کونسل نے جن علاقوں کو ٹیسٹوں کے لئے چنا ہے، ان میں  پوسٹ کوڈ فالو فیلڈ، ویلی رینج، ہلمی اور موس سائیڈ شامل ہیں، کونسل کا کہنا ہے کہ ایسے شہری جو ویکسین لے چکے ہیں، انہیں بھی نیا ٹیسٹ کرالینا چاہئے۔

سٹی کونسل کے پبلک ہیلتھ ڈائریکٹر ڈیوڈ ریگن کا کہنا ہے کہ ہم سب جانتے ہیں وائرس تبدیل ہورہا ہے، اس لئے ہمیں بہت محتاط رہنا ہے، ہم مانچسٹر میں اسی لئے بڑے پیمانے پر ٹیسٹنگ کرنے جارہے ہیں، تاکہ اگر کوئی مریض ہو، تو اسے قرنطینہ کیلئے کہا جاسکے، اور طبی امداد فراہم کی جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.