لندن میں چاقو برداروں کے جان لیوا حملے، اضافی پولیس تعینات

0

لندن: برطانوی دارالحکومت لندن میں چاقو بردار پھر سرگرم ہوگئے ہیں، اختتام ہفتہ ہوئے حملوں میں دو افراد جانوں سے گئے، جبکہ 14 زخمی بھی ہوئے ہیں، جمعہ کی شب سے اتوار تک پولیس ان واقعات سے نمٹنے میں مصروف رہی، شہر میں پولیس کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں چاقو زنی کے واقعات میں 2 افراد ہلاک جبکہ 14 زخمی ہوگئے ہیں۔ یہ  واقعات لندن کے علاقوں کلبرن، سٹریتھم، پملیکو، ہائرو، چیسل ہرٹ اور کروڈن میں پیش آئے۔ برطانوی خبررساں ادارے کے مطابق کروڈن میں 2 نو جوانوں کو چاقو مارے گئے، جن میں سے ایک موقع پر دم توڑ گیا، جبکہ دوسرا شخص شدید زخمی ہے۔ اسپتال میں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ میٹرو پولٹین پولیس کے مطابق اس طرح کے واقعات جمعہ کی شب سے پیش آنا شروع ہوئے، جن کے بعد برینٹ اور ویسٹ منسٹر کے شمال میں سیکشن 60 کے خصوصی اختیارات کا نفاذ کیا گیا، جس کے تحت پولیس کو اضافی سرچ اختیارات دئیے گئے۔

کلبرن میں ہفتہ کی شب نوجوانوں کے ایک گروپ کا تعاقب کیا گیا، اور 22 سالہ Sven Badzak کو چھرا گھونپ کر شدید زخمی کردیا گیا، بعدازاں یہ نوجوان اسپتال میں چل بسا، پولیس حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ واقعہ نوجوانوں کے دو گروپوں میں مخاصمت کا نتیجہ ہوسکتا ہے، مقتول نوجوان کے دوستوں پر بھی حملہ کی کوشش کی گئی، لیکن انہوں نے ایک دکان میں چھپ کر جان بچائی، اتوار کی شام Hindes Road کے علاقے میں بھی ایک  نوجوان کو چھرا گھونپا گیا، اور اس کی حالت بھی اسپتال میں تشویشناک ہے، تاہم چھرا گھونپنے کے دیگر واقعات میں زخمی ہونے والوں کی جانوں کو خطرہ نہیں ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ چھرا گھونپنے کے یہ واقعات آپس میں جڑے ہوئے نہیں ہیں، تاہم وہ ان کی تحقیقات کررہی ہے، اور مجموعی طور پر ایک خاتون سمیت 5 مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.