کرونا کے ساتھ جاپان میں خودکشیاں بھی بڑھ گئیں

0

ٹوکیو: خودکشیوں کے حوالے سے دنیا بھر میں سرفہرست جاپان میں کرونا کی وبا کے بعد صورتحال مزید خراب ہوگئی ہے، اور زیادہ تیزی سے لوگ اپنی جانیں ختم  کررہے ہیں، دوسری طرف جاپانی کابینہ نے کرونا وبا سے نمٹنے کے لئے نئے اقدامات کی منظوری دے دی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ برس 2020 میں جب دنیا کرونا کے مہلک وار سہہ رہی تھی، اور لاک ڈاؤن اور خراب معاشی حالات کی وجہ سے مختلف ملکوں میں مسائل سر اٹھا رہے تھے، ایسے میں جاپان میں خودکشی کا رجحان بھی تیزی سے بڑھتا ہوا گزشتہ 10 برسوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ جاپانی حکومت کے مطابق 13 ہزار 943 مردوں سمیت گذشتہ سال مجموعی طور پر 20 ہزار 919 افراد نے خودکشی کی، جو 2019 کے مقابلے میں 3.7 فیصد زائد ہے، جبکہ کرونا سے جاپان میں صرف 4 ہزار 980 افراد کی موت ہوئی، بعض جاپانی ماہرین نے خودکشی کی شرح میں اضافے کو کرونا کی وجہ سے جاری سماجی اور معاشی مسائل سے جوڑا ہے۔

دوسری طرف جاپانی حکومت نے کرونا وائرس کی وباء سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات کی منظوری دی ہے۔ نئے اقدامات کے تحت گورنرز کو وبا سے نمٹنے کے لئے مزید اقدامات کا اختیار دے دیا گیا ہے، جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر زیادہ جرمانے کئے جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.