تارکین وطن کو 2021 کے پہلے بڑے حادثات پیش آگئے

0

روم: یورپ آنے کی کوشش میں تارکین وطن کو بحیرہ روم میں 2 بڑے حادثات پیش آگئے، جن میں کئی جانیں ضائع ہوگئی ہیں، پہلا حادثہ لیبیا سے اٹلی جانے والی کشتی کو پیش آیا،  جبکہ دوسرا یونان پہنچنے والے تارکین کے ساتھ پیش آیا، اقوام متحدہ نے اسے 2021 کا پہلا بڑا حادثہ قرار دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق 2021 شروع ہونے کے بعد یورپ آنے کے خواہشمند تارکین وطن کو پہلی بار بڑے حادثات پیش آئے ہیں، پہلا اور بڑا حادثہ لیبیا سے کشتیوں کی ذریعہ اٹلی آنے کی کوشش کرنے والوں کو پیش آیا ہے، اور ان کی کشتی ڈوبنے سے کم ازکم 43 تارکین لیبیا کی سمندری حدود میں ڈوب گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے ادارہ مہاجرین کے مطابق 10 تارکین کو بچالیا گیا ہے، لیکن ہلاکتیں مزید بڑھنے کا خدشہ ہے، لاشوں کی تلاش کا کام جاری ہے، حکام کا کہنا ہے کہ تارکین کو لے کر کشتی لیبیا کے شہر زاویہ سے روانہ ہوئی تھی، تاہم چند گھنٹے کی مسافت کے بعد ہی وہ مشکلا ت کا شکار ہوگئی، اور بالآخر ڈوب گئی، اقوام متحدہ نے اسے 2021 کا پہلا بڑا حادثہ قرار دیا ہے، اور یورپی ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ ریسکیو کی کارروائیوں میں اضافہ کے لئے کام کریں۔

 ادھر یونان پہنچنے کی کوشش میں بھی ایک تارک وطن جان سے ہاتھ دھو بیٹھا ہے، سخت سردی کی وجہ سے اس کی لاش بھی اکڑ گئی تھی، جبکہ یونانی حکام نے دیگر 27 تارکین وطن کو بچالیا ہے، جن میں 15 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے، تاہم ان میں سے بھی اکثر کی سردی کی وجہ سے حالت ٹھیک نہیں تھی، جس پر انہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، یونانی کوسٹ گارڈ کا کہنا ہے کہ خون جما دینے والی سردی کے باوجود یہ تارکین کشتی میں ترکی سے روانہ ہوئے تھے، ہلاک ہونے والا تارک وطن بھی ممکنہ طور پر سردی کی وجہ سے جان سے گیا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.