روم: اٹلی میں چھوٹی بچی کو بہلا پھسلا کر اپنے ساتھ لے جانے والا ایشیائی تارک وطن پکڑا گیا، بچی کی ماں شاپنگ کے لئے آئی تھی، اور اس دوران یہ واقعہ پیش آیا ہے، کارا بیری پولیس نے ملزم کے موبائل فون سے بھی غیرقانونی سرگرمیوں کا ڈیٹا برآمد کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے بلونیا کے مرکز میں واقع شاپنگ سینٹر میں ایک اطالوی خاتون شاپنگ کے لئے آئی ، خاتون اپنے ساتھ 7 سال کی بچی بھی لائی تھی، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا ‘‘ کے مطابق خاتون کمرشل گیلری میں شاپنگ میں مصروف ہوگئی ، اور اس دوران بچی سےدھیان ہٹ گیا، دوسری طرف بچی پلے ایریا میں چلی گئی ، جب خاتون شاپنگ سے فارغ ہوئی ، اور بچی کو دیکھا، تو وہ غائب تھی، جس پر فوری بچی کی تلاش شروع کردی گئی، خاتون نے پولیس کو بھی فون کردیا ، کچھ دیر بعد بچی تو مل گئی ، لیکن وہ بہت گھبرائی ہوئی تھی، جبکہ اس کا ماسک بھی وہ نہیں تھا، جو وہ گھر سے پہن کر آئی تھی۔
یہ واقعہ گزشتہ ماہ 29 جنوری کا تھا، پولیس اس وقت سے اس کی تحقیقات کررہی تھی، اور اب گزشتہ روز شواہد ملنے پر ایک بنگالی تارک وطن کو گرفتار کرلیا گیا ہے، جس کے موبائل فون سے بھی ایسا مواد ملا ہے، جو اس پر الزام کو تقویت دیتا ہے، حکام کے مطابق 34 سالہ بنگالی ملازم کا اس وقت کافی بریک تھا، وہ بچی کو تنہا پاکر شاپنگ سینٹر سے باہر لے گیا تھا،اور تھوڑی دیر بعد واپس لے آیا، اس دوران اس نے بچی کو ہراساں کرنے کی کوشش کی ، جس کی وجہ سے بچی خوف زدہ بھی تھی۔