پاکستانیوں سمیت بڑی کھیپ کی اٹلی آمد، کشتی ٹکرانے سے لوگ سمندر میں گر کر لاپتہ

0

روم: بحیرہ روم کے ذریعہ غیرقانونی طور پر اٹلی آنے کی کوشش کرنے والے تارکین کی کشتی دوسری کشتی سے ٹکرا گئی، دوسری طرف تھوڑے سے وقفے کے بعد پاکستانیوں سمیت تارکین کی ایک بڑی کھیپ اٹلی کے جزیرے پہنچنے میں کامیاب ہوگئی ہے، جن کا طبی معائنہ کیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق لیبیا سے کشتی کے ذریعہ آنے والے 21 تارکین اس وقت حادثہ کا شکار ہوگئی، جب وہ بحیرہ روم میں ماہی گیروں کی ایک کشتی سے ٹکرا گئی، دونوں کشتیوں کے ٹکرانے کے نتیجے میں کشتی میں سوار خاتون سمیت 5 غیرملکی سمندر میں گرگئے، ان میں سے 2 تو تیر کر کسی طرح دوبارہ کشتی میں چڑھ گئے، لیکن خاتون سمیت باقی 3 سمندر کی لہروں کے درمیان نظروں سے اوجھل ہوگئے، جب یہ کشتی اطالوی جزیرے لمپاڈسیا پہنچی تو اس میں بچ جانے والے تارکین نے حکام کو آگاہ کیا، جس پر اطالوی حکام نے بھی لاپتہ تارکین کی تلاش شروع کردی، تاہم ان کا سراغ نہیں مل سکا، پراسیکیوٹر نے بھی اس کی تحقیقات شروع کردی ہے۔

دوسری طرف ایک دن کے دوران مختلف کشتیوں میں 183 تارکین اطالوی جزیرے لمپاڈسیا پہنچے ہیں، ان میں سے ایک کشتی میں 83 غیرملکی پہنچے، جن میں بنگلہ دیشی، مصری اور افریقی تارکین شامل ہیں، جبکہ ایک اور کشتی میں 100 افراد پہنچے، جن میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد بھی شامل تھی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.