روم: عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں مسلسل اضافے نے پوری دنیا کے انسانوں کو پریشان کر رکھا ہے، ایسے میں اٹلی میں بھی تیل قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے، جس نے بالخصوص ڈرائیوروں کی مشکلات بڑھا دی ہیں، جس پر انہوں نے احتجاج کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق عالمی منڈی میں تیل مہنگا ہونے کے باعث گزشتہ سال کے مقابلے میں اٹلی میں ڈیزل کی قیمت 300 فیصد بڑھ گئی ہے، جس سے بالخصوص ٹرک اور سامان ڈھونے والی دیگر گاڑیوں کے ڈرائیوروں کے لئے مشکلات ناقابل برداشت ہوتی جارہی ہیں، ڈیزل مہنگا ہونے سے مسلسل پریشان ٹرک ڈرائیوروں نے فوجیا صوبے میں گاڑیاں کھڑی کرکے احتجاج کیا ہے، اطالوی خبر ایجنسی ’’انسا‘‘ کےمطابق San Severo میں یہ احتجاج کیا گیا ہے، ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ وہ مزید ایک یورو 75 سینٹ فی لٹر ڈیزل نہیں خرید سکتے، مہنگے تیل کے باعث ان کا کاروبار تباہ ہو کر رہ گیا ہے۔
ٹرک ڈرائیوروں کا کہنا تھا کہ حکومت ڈیزل کی قیمت ایک یور و فی لٹر یا زیادہ سے زیادہ سوا یورو فی لٹر تک مقرر کرے، ڈیزل مہنگا ہونے سے ان کے اخراجات میں 3 ہزار سے ساڑھے 3 ہزار یورو تک کا اضافہ ہوگیا ہے، جس سے بچت ختم ہوگئی ہے، ایک بار ٹینکی فل کرانے میں 1200 یور و تک لگ رہے ہیں، جبکہ یہی ٹینکی پچھلے سال 400 یورو میں فل ہوجاتی تھی، انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر حکومت ڈیزل سستا کرے۔