یورپی ملک میں 3 پاکستانی ایجنٹ ہونے کے الزام پر گرفتار
برسلز: یورپی ملک نے تین پاکستانیوں سمیت 19 غیرملکیوں کو تحویل میں لے لیا ہے، 16 افراد پر ملک میں غیرقانونی داخلے کا الزام ہے، جبکہ تین پاکستانیوں کے بارے میں حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ یہ انسانی اسمگلر ہیں، اور ان سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق زمینی راستے سے غیر قانونی طور پر یورپی یونین آنے کی کوشش کرنے والے غیرملکی بلقان روٹ کا استعمال کرتے ہیں، اور یونان سے زیادہ خوش حال یورپی ملکوں میں جانے کے لئے شمالی مقدونیہ بھی اسی روٹ پر آتا ہے، شمالی مقدونیہ 20 لاکھ آبادی کا ملک ہے، جس کی سرحدیں یونان، بلغاریہ، البانیہ، کوسوو اور سربیا سے ملتی ہیں، شمالی مقدونیہ کے حکام نے یونانی سرحد کے قریب سے 16 غیرملکیوں کو پکڑا ہے، جو بھارتی شہری بتائے جاتے ہیں، تاہم حکام کے مطابق یہ غیرملکی شہری یونان ہی جانے کی کوشش کر رہے تھے، ان کے ساتھ تین پاکستانیوں کو بھی تحویل میں لیا گیا ہے، جن کی عمریں 21 سے 31 برس ہیں۔
حکام نے شبہ ظاہر کیا ہے کہ تینوں پاکستانی ایجنٹ ہیں، جو غیرملکیوں کو غیر قانونی طریقے سے یورپی ممالک پہنچانے کی کوشش کرتے ہیں، اور اس کے بدلے میں ان سے بھاری رقوم وصول کی جاتی ہیں، پکڑے گئے بھارتی تارکین کو کیمپ میں منتقل کردیا گیا ہے، جبکہ پاکستانیوں سےحکام پوچھ گچھ کررہے ہیں۔