ثمن کیس میں مطلوب اہم پاکستانی ملزم اٹلی منتقل کردیا گیا

0

روم: اطالوی حکام کو 9 ماہ کی تلاش اور قانونی جنگ کے بعد بالاخر لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کیس میں مطلوب ملزم کی حوالگی مل گئی ہے، اور اسے خصوصی طیارے سے اٹلی پہنچادیا گیا ہے، جہاں اب اسے تفتیش کی تیاری کی جارہی ہے، ملزم کی حوالگی کے بعد اطالوی حکام اس کیس کی گتھی سلجھنے کیلئے پرامید ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی میں ریجو ایمیلیا کے علاقے نووی لارا Novellara میں گزشتہ سال 30اپریل کو لاپتہ ہونے والی 18 سالہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس میں اب تک کی سب سے بڑی پیش رفت ہوئی ہے، اور اطالوی حکام کو ساڑھے 8 ماہ بعد کیس کی گتھی سلجھنے کی امید ہوگئی ہے، کیس میں مطلوب مرکزی ملزم اٹلی کے حوالے کردیا گیا ہے، اطالوی پولیس کی تفتیش میں یہ بات سامنے آئی تھی کہ لڑکی اٹلی میں ایک پاکستانی لڑکے سے پسند کی شادی کرنا چاہتی تھی، جبکہ گھر والے اس کی شادی پاکستان میں اس کے ایک عزیز سے کرانا چاہتے تھے، جس پر تنازعہ چل رہا تھا۔ اطالوی حکام سمجھتے ہیں کہ ثمن اب اس دنیا میں نہیں ہے، تاہم اس کی باقیات بھی اب تک نہیں مل سکیں، ثمن کے لاپتہ ہونے کے فوری بعد اس کے والد شبیر حسین اور والدہ نازیہ شاہین پاکستان چلے گئے تھے۔ تاہم اطالوی حکومت نے تین مشتبہ ملزمان اس کے دو کزنز اور چچا کی تلاش شروع کی تھی، جس میں سے ایک کزن اعجاز جلد ہی فرانس سے گرفتار ہوگیا تھا، اور اٹلی میں قید ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی نے پاکستان سے ’ثمن عباس‘ کے والدین کی حوالگی کا مطالبہ کردیا

اہم ملزم کی حوالگی

اطالوی حکام کا شروع سے خیال تھا کہ ثمن کے ساتھ جو کچھ ہوا، اس میں اس کے چچا دانش حسین کا اہم کردار تھا، اطالوی حکام کی کوششوں سے تقریباً 4 ماہ قبل 22 ستمبر کو دانش حسین کو پیرس سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ اور بالاخر جمعرات کو فرانسیسی حکام نے اسے اطالوی تفتیش کاروں کے حوالے کردیا ، جس کے بعد دانش حسین کو خصوصی فوجی طیارے میں پیرس سے بلونیا کے ائرپورٹ پر منتقل کردیا گیا، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق بلونیا ائر پورٹ پر دانش حسین کو طیارے سے اتارا گیا ، تو اس نے گرے جیکٹ اور جینز پہنی ہوئی تھی، ائرپورٹ پر اسے ریجو ایمیلیا کے تفتیشی یونٹ کے سپر د کردیا گیا، جس نے اسے جیل منتقل کردیا ہے، آئندہ چند روز میں پولیس اس سے تفتیش شروع کرے گی، حکام کو امید ہے کہ ثمن کے ساتھ کیا ہوا، اس بارے میں دانش حسین سےاہم معلومات مل سکتی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.