یورپ آنے والے تارکین کو نئے سال کا پہلا بڑا حادثہ پیش آگیا

0

میڈرڈ: نئے سال کا پہلا بڑا حادثہ، سخت سردی اور بگڑے ہوئے سمندر کے باوجود یورپ آنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن کی کشتی ڈوب گئی، ریسکیو کارروائیاں شروع کردی گئیں، تاہم تارکین کے زندہ بچنے کے امکانات کم ہیں، گزشتہ برس بھی 4 ہزار سے زائد تارکین نے یورپ پہنچنے کی کوشش میں جان گنوا بیٹھے تھے۔

تفصیلات کے مطابق افریقی ساحلوں سے اسپین کے لئے روانہ ہونے والی کشتی حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں 50 سے زائد تارکین سوار تھے، کشتی کو حادثہ مراکش کے ساحل سے 100 کلومیٹر دور پیش آیا ہے، تارکین کے لئے کام کرنے والی اسپین کی این جی او Caminando Fronteras کا کہنا ہے کہ کشتی میں سوار تارکین نے اتوار کی صبح کو آخری بار مشکل میں ہونے کا پیغام دیا تھا، جس پر مراکش کے حکام کو آگاہ کیا گیا، تاہم مراکش کی کوسٹ گارڈ کو کشتی کی تلاش میں کئی گھنٹے لگ گئے، اور اس دوران کشتی حادثے کا شکار ہوچکی تھی، تنظیم کی ترجمان ہیلنا میلونو کا کہنا ہے کہ کشتی میں 30 مرد، 20 خواتین اور 3 بچے سوار تھے، جن میں سے 43 تارکین ڈوب کر ہلاک ہوگئے، جبکہ 10 کو بچالیا گیا ہے۔

مرنے والوں میں  تینوں بچے، 26 مرد اور 14 خواتین شامل ہیں، مراکش کی کوسٹ گارڈ نے لاشوں کی تلاش جاری رکھی ہوئی ہے، تاہم آخری اطلاعات تک اسے صرف 2 لاشیں ہی مل سکی تھیں، تنظیم کا کہنا ہے کہ افریقی ساحلوں سے اسپین کے کینری جزائر آنے کے خواہشمند تارکین کو گزشتہ برس بھی بڑے حادثات پیش آئے تھے، اور 4 ہزار 404 تارکین ڈوب گئے تھے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.