اسلام آباد: آپ اوورسیز پاکستانی ہیں، اپنے ملک کے بڑے شہروں بالخصوص اسلام آباد میں فلیٹ یا گھر خریدنا چاہتے ہیں، تو ہوجائیں تیار، حکومت نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے پرکشش اسکیم تیار کرلی ہے، جہاں آپ کی رقم بھی محفوظ رہے گی، اور آپ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیوں کے فراڈ سے بچ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں کی خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے وطن میں اچھے گھر کے مالک ہوں، اور اس کے لئے ان کی ترجیح بڑے شہر بالخصوص اسلام آباد ہوتا ہے، تاہم ہاؤسنگ کے شعبے میں نجی کمپنیوں کے فراڈ کی وجہ سے اوورسیز پاکستانی ڈرتے ہیں، دوسری جانب ماضی میں سرکاری ہاوسنگ اسکیمیں بھی کئی کئی دہائیوں تک مکمل نہیں کی گئیں، جس سے ان کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ، لیکن موجودہ حکومت نے اقتدار میں آتے ہی برسوں سے زیر التوا سرکاری ہاوسنگ اسکیموں بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں کے بلاکس میں تیزی سے تمام مسائل حل کرکے انہیں قبضے دئیے ہیں، جس کے بعد اب نئی اسکیمیں تیار کرلی گئی ہیں، کابینہ نے اس حوالے سے پہلے مرحلے میں اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے لئے 400 کنال پر ہاؤسنگ اسکیم شروع کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
جس میں 6 ہزار سے زائد گھر اور فلیٹ تعمیر کئے جائیں گے، جبکہ اسی طرح کی اسکیمیں جلد ہی لاہور اور کراچی میں بھی شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ان اسکیموں کو تیزی سے مکمل کرکے بکنگ کرانے والے اوورسیز پاکستانیوں کے حوالے کیا جائے گا، اسکیم میں وہ اوورسیز پاکستانی فلیٹ یا گھر حاصل کرسکیں گے ، جنہوں نے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوا رکھے ہیں، اس لئے ایسے اوورسیز پاکستانی جو اس ہاؤسنگ اسکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنا گھر یا فلیٹ لینا چاہتے ہیں، انہیں فوری طور پر روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کھلوا لینا چاہئے، حکومت کو امید ہے کہ اس اسکیم میں 2 ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری اوورسیز پاکستانی کریں گے۔