پاکستان میں ایمازون ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح

0

اسلام آباد: انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے کی ترقی کے لئے حکومت نے ایک اور اقدام اٹھالیا، راولپنڈی میں ایمازون ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کردیا، جہاں ایک چھت تلے ساری سہولتیں فراہم کی جائیں گی، دنیا کے مختلف ممالک سے پاکستانی آئی ٹی صنعت کو بزنس مل رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے پر حکومت کی توجہ سے یہ شعبہ تیزی سے ترقی کرنے لگا ہے، اور قیمتی زرمبادلہ ملک کو فراہم کررہا ہے، پاکستانی آئی ٹی کمپنیاں امریکہ، یورپ، مشرق وسطیٰ، سمیت 120 سے زیادہ ممالک میں خدمات فراہم کررہی ہیں۔ جاپان، چین سمیت کئی ممالک پاکستانی آئی ٹی ماہرین کی خدمات حاصل کرنے میں دلچسپی لے رہے ہیں، ایسے میں حکومت اس شعبے کی ترقی کے لئے ملک بھر میں اسپشل ٹیکنالوجی زون قائم کررہی ہے، جہاں ایک چھت تلے ساری سہولتیں فراہم کی جاتی ہیں، گزشتہ روز راولپنڈی میں بھی ایک نئے ایمازون ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا گیا، جہاں 90 روپےاسکوائرفٹ پرآئی ٹی کمپنیاں جگہ کرائے پرحاصل کر سکیں گی۔

وفاقی وزیرآئی ٹی سید امین الحق نے جی ٹی روڈ راولپنڈی پر اس سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک کا افتتاح کیا۔ سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ اور ایمازون مال کےاشتراک سےقائم کیا گیا ہے، ٹیکنالوجی پارک 44 ہزار مربع فٹ کے وسیع رقبے پر محیط ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کہا کہ وزارت آئی ٹی پاکستان کےچھوٹےشہروں میں 22 سے زائد ٹیکنالوجی پارکس کی صورت میں ایسی سہولیات فراہم کررہی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.