یورپ آنے والے تارکین کی تعداد میں بڑا اضافہ، روٹ کون سے ہیں؟

0

برسلز: رواں سال کے پہلے 10 ماہ میں یورپی ممالک میں داخل ہونے کے لئے تارکین وطن کی جانب سے کوششوں میں بڑا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے، یورپی پولیس نے اس حوالے سے تفصیلی رپورٹ جاری کردی ہے، جس میں روٹس کے ساتھ نشان دہی کی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق یورپی سرحدی پولیس فرانٹکس نے 2021 کے پہلے 10 ماہ کے دوران یورپی یونین میں داخلے کے لئے تارکین کی کوششوں کے حوالے سے رپورٹ جاری کردی ہے، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس عرصے میں یورپی یونین میں داخلے کے لئے تارکین کی جانب سے ایک لاکھ 60 ہزار سے زائد کوششیں ریکارڈ کی گئی ہیں، جو کرونا سے قبل 2019 سے بھی کہیں زیادہ ہیں، یورپی بلاک میں داخلے کے لئے سب سے زیادہ تارکین نے بلقان کا زمینی روٹ اور بحیرہ روم میں کشتیوں کا راستہ اپنایا ہے، واضح رہے کہ کشتیوں کے ذریعہ صرف اٹلی میں اس سال اب تک 61 ہزار سے زائد تارکین پہنچ چکے ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ بلقان کے زمینی راستے سے یورپی بلاک میں داخل ہونے والوں کی شرح میں 15 گنا اضافہ دیکھا گیا ہے۔

بیلاروس سے یورپی یونین میں جولائی کے دوران 32 سو تارکین داخل ہوئے، تاہم اکتوبر میں یہ تعداد کم ہوکر 600 پر آگئی ہے، مغربی بلقان کے روٹ سے 48 ہزار 500 کراسنگز کی گئی ہیں۔ اسی طرح سائپرس اور اسپین پہنچنے والوں کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے، بحیرہ روم کے ذریعہ اسپین میں 16 ہزار 390 کراسنگز نوٹ کی گئی ہیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.