اٹلی میں نئے بونس نظام کی منظوری، آپ کو کتنے ماہانہ ملیں گے؟، جانئے

0

روم: اٹلی میں کابینہ نے بونس کے نئے نظام کی منظوری دے دی ہے، تمام مراعات کو یکجا کرکے سنگل بونس کا نظام نافذ کیا جائےگا، ایسے خاندان جنہیں ابھی کوئی بونس نہیں مل رہا ، انہیں بھی نئے نظام کے تحت بونس ملنا شروع ہوجائےگا۔ بچوں کی تعداد اور ایزوں کی شرح سامنے آگئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی کابینہ نے سنگل بونس نظام کی منظوری دے دی ہے، جسے 2022 سے نافذ کیا جائے گا، کابینہ کے بعد اب اس بل کو پارلیمانی کمیٹی کو بھیجا جائے گا، جس کے بعد اسے گزٹ میں شائع کردیا جائے گا، اور عمل شروع ہوجائے گا، بونس کے لئے یکم جنوری سے INPS کی ویب سائٹ پر درخواستوں کی وصولی کا آغاز کردیا جائے گا، اطالوی وزیر برائے مساوی مواقع الینا بینیتی نے ریڈیو سے انٹرویو میں نئے بونس نظام کی تفصیلات سے آگاہ کیا ہے، انہوں نے بتایا کہ نئے نظام میں 70 لاکھ خاندانوں کو بونس دیا جائے گا، ان میں سے نصف خاندانوں کے ایزے 15 ہزار یورو سے کم ہیں، اس طرح 35 لاکھ خاندانوں کو زیادہ سےزیادہ بونس کی رقم ملے گی، حکومت نے اس مقصد کے لئے 20ارب یورو مختص کئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں بونسز کا موسم، بچوں کا بونس کب اور کتنا ملے گا؟، تفصیلات جاری

انہوں نے بتایا کہ نئے نظام میں بڑے خاندانوں یعنی 4 بچوں والے جوڑوں کو ایک ہزار یورو ماہانہ تک ادائیگی کی جائے گی، سنگل چیک کی ادائیگی مارچ سے شروع ہوگی۔ پرانے نظام میں ایسے افراد جو ایزے ظاہر نہیں کرتے تھے، انہیں بونس نہیں ملتا تھا۔

تاہم اب ایسے افراد کو بھی کم از کم بونس کی رقم ادا کی جائےگی، 15 ہزار سے کم ایزوں والے افراد کو زیادہ سے زیادہ رقم جو ایک ہزار یورو ماہانہ تک ہے ملے گی، ایک بچے والے فرد کو ماہانہ 175 یورو، 2 بچوں پر 350 یورو،3 بچوں پر 610 یورو جبکہ 4 بچوں والی فیملی کو 970 یورو ماہانہ بونس ملےگا، اگر میاں اور بیوی دونوں ملازمت کرتے ہیں، تو چار بچوں والے جوڑے کو مزید 120 یورو کا اضافہ دیا جائےگا، اور ماہانہ ادائیگی ایک ہزار 90 یورو ہوجائے گی۔

جبکہ 40 ہزار یورو سے زائد ایزوں پر کم از کم بونس ملے گا، جو 50 سے 175 یورو ماہانہ ہوسکتا ہے، اس میں بچوں کے حساب سے اضافہ ہوتا رہےگا، ایک بچوں والے خاندان کو 50 یورو، 2 بچوں پر 100 ، تین بچوں پر 165 جبکہ 4 بچوں والی فیملی کو 330 یورو ماہانہ ادائیگی کی جائے گی، خدانخواستہ اگر کسی کا کوئی بچہ معذور ہے تو اس کے لئے 105 یورو ماہانہ الگ سے ادا کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.