نہ ہوگا بانس نہ بجے گی بانسری، تارکین کو روکنے کیلئے یورپی کمپنی کا نیا اعلان

0

پیرس: نہ ہوگا بانس نہ بجے گی بانسری ، تارکین کوروکنے کیلئے یورپی کمپنی کا  نیا اعلان کردیا،  ایسے وقت میں جب  فرانس سے انگلش چینل پار کرکے  برطانیہ جانے والے غیرقانونی تارکین کو روکنا دونوں ملکوں کے لئے چیلنج بناہوا ہے،  اور اس مسئلے پر ان کے درمیان گرما گرمی بھی ہوتی رہتی ہے، فرانسیسی کمپنی نئے آئیڈیا کے ساتھ سامنے آئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ اور فرانس کو جدا کرنے والا انگلش چینل گزشتہ کئی ماہ بالخصوص دسمبر 2020 میں بریگزٹ کے بعد تارکین کے حوالے سے بہت مصروف دیکھا جارہا ہے، اور فرانس سے بڑی تعداد میں تارکین ٹیوب نما چھوٹی کشتیوں میں سوار ہوکر برطانوی ساحل پر اتر جاتے ہیں، یہ  ٹیوب نما چھوٹی کشتیاں دراصل سمندری اسپورٹس کی سرگرمیوں کے لئے تیار کی جاتی ہیں، جنہیں تارکین انگلش چینل پار کرنے کے لئے استعمال کررہے ہیں، تاہم اب ان ٹیوب نما کشتیوں کو فروخت کرنے والی فرانسیسی اسپورٹس فرم Decathlon نے اعلان کیا ہے کہ وہ تارکین کو ان کشتیوں کی فروخت روکنے جارہی ہے۔

کمپنی کا کہنا ہے کہ انگلش چینل پار کرنے کے لئے استعمال ہونے والے فرانسیسی علاقے کیلس، ڈنکرک اور گرینڈ سنتھ میں اس کے اسٹورز اب ان کشتیوں کی فروخت نہیں کریں گے، فرانسیسی خبر ایجنسی کے مطابق کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اس لئے کیا گیا ہے کیوں کہ ان ٹیوب نما کشتیوں کو اسپورٹس کے بجائے انگلش چینل پار کرنے کے لئے استعمال کیا جارہا تھا، جس سے لوگوں کی زندگیاں خطرے میں ڈالی جاتی تھیں، تاہم یہ کشتیاں آن لائن اور دیگر اسٹورز پر بدستور خریداری کے لئے دستیاب ہوں گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.