زغرب: یورپی ملکوں کو کم اور بوڑھی ہوتی آبادی کے مسئلے کا سامنا ہے، چھوٹے یورپی ملک اس سے زیادہ متاثر ہورہے ہیں، دوسری جانب غریب ملکوں کے تارکین نے اٹلی کی طرف دوڑ لگا رکھی ہے، تو اطالوی شہریوں کی اتنی بڑی تعداد دوسرے ملکوں میں مقیم ہونے کے اعداد وشمار سامنے آئے ہیں کہ آپ حیران رہ جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق چھوٹا یورپی ملک کروشیا جس کی آبادی 50 لاکھ سے بھی کم ہے، وہ بھی آبادی میں کمی کے مسئلے کا شکار ہے، گزشتہ 10 برسوں کے دوران کروشیا کی آبادی میں 10 فیصد کمی ہوچکی ہے، یعنی ہر سال ایک فیصد آبادی کم ہوتی جارہی ہے، کروشیا میں تازہ مردم شماری کے مطابق ملک کی آبادی اب 39 لاکھ رہ گئی ہے، جو 2011 میں 43 لاکھ تھی، آبادی میں کمی کی بڑی وجہ شرح پیدائش گرنا، بوڑھی ہوتی ہوئی آبادی اور 2013 میں یورپی یونین کا رکن بننے کے بعد زیادہ بہتر مستقبل کے لئے لوگوں کا دوسرے یورپی ملکوں میں چلے جانا بھی ہے۔
دوسری طرف بیرون ملک مقیم اطالوی شہریوں کی تنظیم ’’مائیگرینٹس ایسوسی ایشن‘‘ نے رپورٹ جاری کی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ بیرون ملک مقیم اطالوی شہریوں کی تعداد 56 لاکھ 52 ہزار تک پہنچ چکی ہے، اطالوی خبرایجنسی کے مطابق اٹلی کی اپنی آبادی اس وقت 5 کروڑ 92 لاکھ ہے، ایک طرف گزشتہ سال اٹلی کی آبادی میں 3 لاکھ 84 ہزار نفوس کی کمی ہوئی تھی، تو دوسری جانب بیرون ملک مقیم اطالوی شہریوں کی تعداد میں ایک لاکھ 66 ہزار کا اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔