یونان کے روٹ پر سختی، تارکین وطن یورپ پہنچانے کیلئے نیا روٹ تلاش کرلیا
برسلز: یونان کی جانب سے تارکین کا راستہ روکنے کے لئے سخت اقدامات کے بعد یورپ پہنچنے کے لئے انسانی اسمگلروں نے نیا راستہ تلاش کرلیا، جس کے ذریعہ وہ براہ راست تارکین کو یورپی یونین کے مرکزی حصے میں پہنچا رہے ہیں، اسی روٹ سے جانے والے کئی پاکستانیوں کو پکڑا بھی گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ کئی دہائیوں سے یورپ کا رخ کرنے والے تارکین کا روایتی روٹ ترکی سے یونان داخل ہونا تھا، اور یہاں سے وہ آگے دوسرے ممالک کا رخ کرتے تھے، تاہم یونان کی جانب سے زمینی سرحد پر دیوار کی تعمیر سمیت آلات نصب کرنے اور سخت سیکورٹی اور سمندر میں بھی نگرانی کے بعد اب تارکین وطن کو یورپ پہنچانے والے انسانی اسمگلروں نے نیا روٹ تلاش کرلیا ہے، جس کے ذریعہ وہ تارکین کو یورپی یونین کے مرکزی ممالک پہنچا رہے ہیں، تارکین کو اب ترکی سے چھوٹی کشتیوں کے بجائے تھوڑے بڑے لیکن پرانے جہازوں میں سوار کیا جاتا ہے، جن میں سینکڑوں تارکین کی گنجائش ہوتی ہے۔
پھر ان جہازوں کو براہ راست اٹلی پہنچایا جارہا ہے، اس سال کے دوران اب تک سو سے زائد ایسے جہاز تارکین کو لے کر اٹلی کے ساحل پر پہنچ چکے ہیں، ترکی سے براہ راست اٹلی پہنچنے والے تارکین کی تعداد اس سال 7 ہزار سے بڑھ چکی ہے، گزشتہ ہفتے بھی 192 پاکستانیوں سمیت 375 تارکین کو لے کر ایک ترک جہاز اٹلی کے لئے محو سفر تھا، لیکن وہ سمندر میں خراب ہوگیا، جس پر اسے یونانی حکام نے ریسکیو کیا۔