پاکستانی ائرپورٹ پر مسافر قیمتی سامان چھوڑ کر چھو منتر ہوگیا

0

پشاور: وہ کہتے ہیں ناں کہ چور کے دل میں کھٹکا رہتا ہے، اور وہ ذرا سی آہٹ سے بھی ڈر جاتا ہے، ایسا ہی کچھ پاکستان آنے والے ایک مسافرکے ساتھ ہوا ہے، جو چور طریقے سے باہر سے قیمتی موبائل فونز سے بھرا سوٹ کیس تو لے آیا ، لیکن ائرپورٹ پہنچ کر وہ گھبرا گیا۔

جی ہاں یہ معاملہ پیش آیا ہے، پشاور ائرپورٹ پر، جہاں گزشتہ روز دبئی سے آنے والی پی آئی اے کی پرواز PK-284 نے لینڈ کیا، مسافر طیارے سے باہر آئے، اور اپنا سامان بھی وصول کرلیا، ان مسافروں میں ایک ایسا بندہ بھی موجود تھا، جو دبئی سے اپنے یا کسی کے دئیے ہوئے قیمتی موبائل فونز سے بھرا سوٹ کیس بھی ہمراہ لایا تھا، یہ بندہ دبئی سے یہ مال نکال کر لے آیا، اور پشاور ائرپورٹ پہنچ کر بھی اس نے لگیج سے اپنا یہ سوٹ کیس وصول کرلیا، لیکن ایسا محسوس ہوتا ہے کہ اس کے بعد وہ کسی وجہ سے ڈر گیا، اور سوٹ کیس ائرپورٹ پر ہی چھوڑ کر وہاں سے چلا گیا، بعد ازاں سول ایوی ایشن کے عملے کی نظر اس لاوارث سوٹ کیس پر پڑی تو انہوں نے اسے چیک کیا، جس میں قیمتی موبائل فون تھے، جس پر سوٹ کیس کسٹم حکام کے حوالے کردیا گیا۔

کسٹم حکام کے مطابق سوٹ کیس سے 141 قیمتی موبائل فون برآمد ہوئے ہیں، اب سوٹ کیس لانے والے کی تلاش کیلئے پی آئی اے سے رابطہ کیا گیا ہے، کہ وہ سامان پر لگے ٹیگ سے اس کے کوائف نکال کردیں، اس کے ساتھ ائرپورٹ پر لگے کیمرے بھی چیک کئے جارہے ہیں، اس لئے امکان یہی ہے کہ موبائل فونز کے بعد انہیں چور طریقے سے لانے والا بندہ بھی پکڑا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.