مفرور پاکستانی ملزم اٹلی میں 10 برس بعد ڈرامائی انداز میں پکڑا گیا

0

ناپولی: قانون سے بچنا مشکل ہوتا ہے، آپ دنیا کے کسی بھی کونے میں چلے جائیں ، کبھی نہ کبھی قانون کے لمبے ہاتھ آپ تک پہنچ ہی جاتے ہیں، کچھ ایسا ہی ایک پاکستانی کے ساتھ ہوا ہے، جو اٹلی میں 10 برس تک روپوش رہنے کےبعد بالاخر پکڑا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک پاکستانی شہری پاکستان میں 5 افراد کے قتل کے کیس میں ملوث ہونے کے بعد فرار ہوکر اٹلی آگیا تھا، اور وہ گزشتہ 10 برسوں سے یہاں مقیم تھا، پاکستانی حکومت نے اس ملزم کے انٹرپول سے ریڈ وارنٹ جاری کروا رکھے تھے، تاہم وہ قانون کی نظروں سے بچا رہا، اس دوران کئی بار اس کی مخبری بھی ہوئی، اور اطالوی پولیس اس کے قریب پہنچ گئی، تاہم وہ جعلی شناخت ظاہر کرکے بچ نکلنے میں کامیاب ہوتا رہا۔

لیکن اب قانون کے لمبے ہاتھ بالاخر اس تک پہنچ گئے ہیں، اطالوی خبر ایجنسی کے مطابق پاکستان کو قتل کے مقدمے میں مطلوب اس 40 سالہ پاکستانی کو ناپولی کے علاقے Aversa (Caserta) سے پولیس نے گرفتار کرلیا ہے، مذکورہ پاکستانی یہاں ایک ہوٹل میں دیکھا گیا، جس کی اطلاع پولیس کو مل گئی، اور پولیس نے ہوٹل کے راستے بند کرکے مطلوب پاکستانی کے کمرے میں چھاپہ مارا، اور اسے گرفتار کرلیا گیا، اسے جیل منتقل کردیا گیا ہے، جہاں سے اسے پاکستان بھیجنے کی کارروائی مکمل کی جائے گی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.