ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کا دورہ اٹلی، پاک فیڈریشن اٹلی، مسلم لیگ ن اور کمیونٹی کا پرتپاک استقبال

0

بریشیا: (رپورٹ تنویر ارشاد) پاکستان مسلم لیگ ن گجرانوالہ ڈویژن کے صدر و ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کا دورہ اٹلی، پاک فیڈریشن اٹلی، تحریک کشمیر اٹلی، مسلم لیگ ن اور کمیونٹی نے میلان ایئرپورٹ پر پرتپاک استقبال کیا، بریشیا میں پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے عشائیہ کا اہتمام کیا گیا، عابد رضا نے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی اس محبت کا ہمیشہ قرض دار رہوں گا، ووٹ کو عزت دو کا نعرہ دراصل عوام کی حکمرانی قائم کرنا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی کے شہر بریشیا میں مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا کا پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے فقید المثال استقبال کیا گیا، عابد رضا یورپ کے دورہ کے موقع پر میلان ایئرپورٹ پہنچے جہاں پاک فیڈریشن اٹلی کے جنرل سیکریٹری آصف رضا، تحریک کشمیر اٹلی کے صدر محمود شریف، فیڈریشن کے سابق صدر چوہدری امجد حسین رولیہ، پاک کشمیر فاونڈیشن اٹلی کے سرپرست چوہدری شہزاد ساہی، مسلم لیگ ن اٹلی کے رہنما چوہدری فہیم خالد و دیگر نے پرتپاک استقبال کیا، بریشیا میں زونل قونصلر چوہدری فہیم خالد، احتشام صدیقی، شہزاد بٹ اور ملک ثاقب آفتاب نے عابد رضا کے اعزاز میں عشائیہ دیا، عشائیہ میں کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی جس میں مسلم لیگ ن ، پاک تحریک انصاف ، تحریک کشمیر اٹلی، پاک فیڈریشن اٹلی کے مرکزی رہنما بھی شریک ہوئے۔

مسلم لیگ ن کے ممبر قومی اسمبلی چوہدری عابد رضا نے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستانی کمیونٹی کا فقید المثال استقبال پر شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا کہ کمیونٹی کی یہ محبت ان پر قرض ہے اور وہ اسے اتارنے کی پوری کوشش کریں گے، انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگ ن ووٹ کو عزت دینے کے نعرے پر قائم ہے، جب تک عوام کے ووٹوں سے سیاسی و جمہوری حکومت منتخب نہیں ہوتی ملک ترقی نہیں کرسکتا ہے۔

عابد رضا کا مزید کہنا تھا کہ 70 سالوں سے سول حکمرانی اور قانون کی عملداری نافذ نہیں کرسکے کیونکہ ہم جمہوریت کی بنیاد کو ہی نہیں سمجھ سکے، ان کا کہنا تھا کہ عوام کے ووٹوں سے ہی منتخب حکومت مسائل حل کرسکتی ہے، ن لیگ نے اپنے دور حکومت میں ملک کو بنیادی اسٹریکچر دیا جس میں موٹر ویز، صحت و تعلیم کی سہولتیں بھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ جب تک سیاست کروں گا حق و سچ اور تعمیر و ترقی کی سیاست کروں گا، ووٹ عوام پر فرض اور مقدس امانت ہے اور ووٹ کی عزت اسی وقت ہوسکتی ہے جب چور دروازے سے نہیں بلکہ عوامی ووٹوں سے جیتنے والے نمائندے منتخب ہوں۔

اس موقع پر مسلم لیگ ن اٹلی کے رہنما چوہدری فہیم خالد نے عابد رضا کو اٹلی آمد پر خوش آمدید کہا اور کمیونٹی کی جانب سے مہمان کا پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے رہنما ملک وحید اعوان رضا نے کہا کہ بریشیا کی پاکستانی کمیونٹی نے ہمیشہ سے سیاسی اختلاف سے بالاتر ہوکر پاکستان سے آنے والے اپنے مہمانوں کا پرتپاک استقبال کیا ہے، یہی وجہ سے کہ اج بھی مسلم لیگ ن کے رہنما کی آمد پر تحریک انصاف، مسلم لیگ ق، پیپلز پارٹی، منہاج القرآن سمیت تمام سیاسی و دینی جماعتوں کی قیادت اور کمیونٹی بڑی تعداد میں موجود ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.