سعودی عرب واپس جانے والے پاکستانیوں کیلئے بری خبر، اہم روٹ بند ہوگیا

0

اسلام آباد: سعودی عرب واپس جانے والے پاکستانیوں کے لئے ایک اہم راستہ بند ہوگیا ، جس سے سعودیہ چھٹی پر آئے ہوئے پاکستانی ورکرز کی واپسی مزید مشکل ہونے کا خدشہ ہے، سعودیہ کی جانب سے پاکستان کا نام ریڈ لسٹ میں رکھنے کے باعث وہاں پاکستانی ورکرز براہ راست واپس نہیں جاسکتے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں کرونا کی صورت حال قابو میں ہونے پر متحدہ عرب امارات اور برطانیہ کی جانب سے بھی نام ریڈ لسٹ سے نکالا جاچکا ہے، اور ان ملکوں کے لئے پاکستانی سفر کررہے ہیں، تاہم سعودیہ نے اب تک پاکستان کا نام سفری پابندی والی فہرست سے نہیں نکالا ، جس کی وجہ سے سعودیہ سےچھٹی پر آئے ہوئے پاکستانی واپسی کے لئے کسی ایسے تیسرے ملک کا سفر کرنے اور وہاں 15 روز قیام کرنے پر مجبور ہیں، جو سعودی عرب کی ریڈ لسٹ میں شامل نہ ہو، اس حوالے سے شروع میں پاکستانی ورکرز کی بڑی تعداد افغانستان کے راستے سعودیہ واپس جاتی رہی، تاہم بعد میں یہ روٹ بند ہوگیا۔ اس کے بعد افریقی ملک کینیا سعودیہ جانے والے پاکستانی ورکرز کو موزوں پڑرہا تھا، اس کی وجہ یہ تھی کہ کینیا کےلئے ویزے کی ضرورت نہیں تھی، اور پاکستانی شہریوں کے لئے وہاں انٹری تھی، اس کے علاوہ یہ ملک دو ہفتے قیام کے لئے سستا بھی پڑ رہاتھا، اس لئے ہزاروں پاکستانی ورکرز کینیا کے راستے سعودیہ واپس جارہے تھے۔

اس حوالے سے کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کی ویڈیوز بھی کچھ دن سے وہاں کے سوشل میڈیا پر چل رہی تھیں، جس کے بعد اب اچانک کینیا نے پاکستانیوں کے لئے انٹری کی سہولت ختم کرکے ویزے کی شرط رکھ دی ہے، جس سے یہ روٹ بھی مکمل بند نہیں تو بہت حد تک متاثر ہوجائے گا، اور ویزا لگوانے کےلئے اضافی اخراجات بھی برداشت کرنے پڑیں گے، کینیا کی وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ اس نے پاکستانی تارکین کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے، جبکہ پاکستانی ہائی کمیشن کو بھی آگاہ کردیا ہے کہ اگلے نوٹس تک پاکستانیوں کے لئے ویزا لازمی قرار دیا جارہا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.