پیرس: اٹلی کے علاقے ریجو ایمیلیا سے اپریل میں لاپتہ ہونے والی پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس میں نیا موڑ آگیا۔ فرانس میں گرفتار چچا نے اپنے اوپر لگائے گئے قتل کے الزامات چیلنج کردیے ہیں، فرانسیسی عدالت میں پیشی کے موقع پر اہم بیان، عدالت نے اٹلی کے حوالے کرنے کے بجائے بحث کیلئے تاریخ دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے علاقے ریجیو ایمیلیا سے لاپتہ پاکستانی لڑکی ثمن عباس کے کیس میں نیا موڑ آگیا ہے، گزشتہ بدھ کو فرانس کے دارالحکومت پیرس سے اطالوی وارنٹ پر گرفتار ہونے والے ثمن کے چچا دانش حسین کو پہلی بار فرانسیسی عدالت میں پیش کیا گیا ہے، جہاں انہوں نے اطالوی حکام کی طرف سے ثمن کے قتل میں ملوث ہونے کا الزام جھوٹ قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا، جب کہ اٹلی حوالگی کی درخواست بھی چیلنج کردی ہے، دانش حسین کو ہتھکڑیاں لگا کر عدالت لایا گیا، انہوں نے سفید شرٹ پہنی ہوئی تھی، پہلے جج نے انہیں اٹلی کی طرف سے حوالگی کیلئے بھیجی گئی چارج شیٹ پڑھ کر سنائی ، جسے مترجم نے دانش حسین کو ترجمہ کے ساتھ بتایا، اور جج کی طرف سے پوچھا کہ وہ اپنے دفاع میں کچھ کہنا چاہتے ہیں، جس پر دانش حسین نے کہا کہ ان پر لگائے گئے الزامات جھوٹ کا پلندہ ہیں، انہوں نے کہا کہ کیا مجھے کسی نے ثمن کو نقصان پہنچاتے ہوئے دیکھا ہے؟۔ مجھے نہیں پتہ کہ میرے خلاف ساری کہانی کیسے تیار کی گئی ہے، انہوں نے حوالگی کے لئے اطالوی یورپی وارنٹ بھی چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سمجھ نہیں آتی کہ یہ معاملہ انٹرپول کا کیسے ہوگیا۔
اس پر فرانسیسی جج نے انہیں کہا کہ ہم ثمن کیس کے میرٹ پر سماعت نہیں کررہے، عدالت میں اٹلی حوالگی کا معاملہ زیر سماعت ہے، اس کے بعد عدالت نے 20 اکتوبر تک سماعت ملتوی کردی، اور دانش حسین کو پولیس اہلکار واپس جیل لے گئے، اب دانش کی اٹلی حوالگی کا معاملہ 20 اکتوبر تک ٹل گیا ہے، اس موقع پر دانش حسین کی وکیل لیلیٰ سعیدی نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ وہ 20 اکتوبر کو اپنے موکل کی حوالگی کے لئے جاری یورپی وارنٹ کیخلاف دلائل دیں گی، انہوں نے کہا کہ اس کیس میں حوالگی کا معاملہ بین الاقوامی قوانین اور کنونشنز سے ہم آہنگ نہیں ہے، سماعت کے موقع پر ریجو ایمیلیا کی کارابیری پولیس کا تفتیشی یونٹ بھی پیرس پہنچا تھا، اس یونٹ نے ہی دانش حسین کا پیرس میں پتہ چلایا تھا، جو اس کیس میں اٹلی کو مطلوب اور لاپتہ ثمن کے کزن نعمان الحق سے رابطے میں تھے، تاہم نعمان الحق اب تک گرفتار نہیں ہوئے ، اس سے پہلے ثمن کے ایک اور کزن اکرام اعجاز کو بھی مئی میں فرانس سے ہی گرفتار کرکے اٹلی کے حوالے کیا گیا تھا، جب کہ اٹلی نے اس کے والد شبیر عباس اور والدہ نازیہ شاہین کی حوالگی کےلئے پاکستان کو بھی درخواست دے رکھی ہے،
دوسری طرف ریجو ایمیلیا کی چیف پراسیکیوٹر ازابیلا چیسی Isabella Chiesi کا کہنا ہے کہ وہ سمجھتی ہیں کہ اس کیس کے ماسٹر مائنڈ دانش حسین ہی ہیں، اور ان کی اٹلی حوالگی کےبعد وہ کیس کی گتھی سلجھانے کے حوالے سے پرامید ہیں۔