برطانیہ میں تیل نہ ملنے سے پیٹرول پمپوں پر جھگڑے، 5 ہزار غیرملکی ڈرائیور بلانے کا اعلان

0

لندن: برطانیہ میں تیل کا بحران مزید بڑھ گیا ہے، پیٹرول پمپوں پر گاڑیوں کی طویل قطاریں لگی ہوئی ہیں، اور کئی مقامات پر لڑائی جھگڑے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں، حکومت نے امیگریشن پالیسی نرم کرتے ہوئے 5 ہزار ٹرک ڈرائیوروں کو ورک ویزے دینے کا اعلان کیا ہے۔

تاہم اپوزیشن لیبر لیڈر اور ٹرانسپورٹ سے متعلق ایسوسی ایشن نے اسے قلت کے مقابلے میں آٹے میں نمک کے برابر قرار دیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق انگلینڈ میں ٹرک ڈرائیوروں کی قلت کی وجہ سے تیل کا بحران بڑھتا جارہا ہے، اور کئی پمپوں نے تیل کی راشننگ شروع کردی ہے، وہ گاڑیوں کو ایک حد سے زیادہ تیل نہیں دے رہے، تیل کمپنیوں کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپ تیزی سے خالی ہورہے ہیں، اور بڑی تعداد بند ہوچکی ہے، جبکہ جو پمپ کھلے ہیں، ان میں بھی جلد تیل ختم ہونے کا خدشہ ہے، برٹش پیٹرولیم کے مطابق اس کے ایک تہائی پمپ خالی ہوچکے ہیں، جبکہ پیٹرولیم ڈیلر ز ایسوسی ایشن کے سربراہ میڈرسن کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے کئی ارکان سے بات کی ہے، اور اس وقت مختلف علاقوں میں50 سے 90 فیصد پمپ خالی ہوچکے ہیں، یہ گھبراہٹ میں خریداری کا نتیجہ ہے۔

برطانوی اخبار ’’میل ‘‘ کے مطابق پولیس کو بھی اپنی گاڑیوں میں تیل ڈلوانے کیلئے مشکل کا سامنا ہے، اور کئی مقامات پر پولیس کی گاڑیاں قطار کو توڑتے ہوئے تیل حاصل کرتی دیکھی گئی ہیں، حکومت نے بحران سے نمٹنے کے لئے5 ہزار غیرملکی ڈرائیورز کو ویزے دینے کا اعلان کیا ہے۔

ٹرانسپورٹ سیکریٹری گرانٹ شیپس کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال لوگوں کی جانب سے گھبراہٹ میں خریداری سے پیدا ہوئی ہے، تاہم ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی تسلیم کیا ہے کہ ٹرک ڈرائیوروں کی قلت کئی برسوں تک جاری رہ سکتی ہے، حکومت مسئلےکے حل کیلئے ڈرائیورز کے ٹیسٹ کی تعداد دگنی کررہی ہے، دوسری طرف ’’روڈ ہالیج ایسوسی ایشن ‘‘ نے حکومت کی طرف سے 5 ہزار غیر ملکی ڈرائیورز کے اعلان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ برطانیہ میں اس وقت ایک لاکھ ڈرائیورز کی قلت ہے،

برٹش چیمبر آف کامرس کے صدر روبی میک گریگور اسمتھ نے کہا ہے کہ یہ حکومتی اعلان آٹے میں نمک کے برابر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ برطانیہ کا یہ مسئلہ بہت بڑا ہے اور حکومتی اقدامات ناکافی ہیں۔اپوزیشن لیڈر کئیر سٹارمر نے بھی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایک لاکھ غیر ملکی ڈرائیورز کا انتظام کرے، تاکہ اس بحران سے نمٹا جاسکے، انہوں نے کہا کہ 5 ہزار ڈرائیورزکا اعلان مذاق ہے،حکومت کی کوئی منصوبہ بندی نظر نہیں آتی،

Leave A Reply

Your email address will not be published.