پاکستان میں فضائی سفر کیلئے ویکسین سرٹیفیکیٹ لازمی، اوورسیز پاکستانیوں کا کیا ہوگا؟

0

اسلام آباد: پاکستان میں فضائی سفر کے لئے نئے ایس او پیز کا نفاذ قریب آگیا، نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر(این سی او سی ) نے ائرلائنز کے لئے ہدایت نامہ جاری کردیا ہے، جس کے بعد فضائی کمپنیوں نے ٹریول ایجنٹوں کو اس حوالےسے آگاہی لیٹر بھیج دئیے ہیں، اوورسیز پاکستانیوں کے لئے علیحدہ سے ہدایات شامل کی گئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی ہدایت پر 10 ستمبر سے پاکستان میں اندرون ملک سفر کے لئے صرف ان مسافروں کو اجازت دی جائےگی، جنہوں نے کرونا ویکسین کی دونوں خوراکیں لگوالی ہوں گی ، اور ان کے پاس نادرا کا جاری کردہ ویکسین سرٹیفیکیٹ ہوگا، اس کے بغیر کوئی ائرلائن کسی مسافر کو بورڈنگ کارڈ جاری نہیں کرے گی، ائرلائنز نے اس حوالے سے ٹریول ایجنٹوں کو ہدایت جاری کردی ہے، جس میں اوورسیز پاکستانیوں سمیت استثنیٰ والے افراد کا بھی واضح ذکر کیا گیا ہے۔

جن افراد پر اطلاق نہیں ہوگا

اندرون پاکستان فضائی سفر کے لئے جولوگ کرونا ویکسین سرٹیفیکیٹ سے مستثنیٰ ہوں گے،اور انہیں اس کے بغیر سفر کی اجازت ہوگی ، ان میں

1۔ 18 برس سے کم عمر پاکستانی

2۔ تمام غیر ملکی شہری

3۔ ایسے افراد جنہیں طبی وجوہات کی بنا پر ڈاکٹروں نے ویکسین نہ لگوانے کا سرٹیفیکیٹ دیا ہو۔

4۔ پاکستان سے بیرون ملک سفر کرنے والے افراد، اور بیرون ملک سے سفر کرنے والے افراد بھی اس پابندی سے مستثنیٰ ہوں گے، اسی طرح لنک فلائٹس والوں پر بھی ویکسین سرٹیفیکیٹ کی پابندی نافذ نہیں ہوگی،

5۔ وہ پاکستانی جنہوں نے بیرون ملک ویکسین لگوالی ہے، ان پر بھی اس پابندی کا اطلاق نہیں ہوگا، اس طرح اوورسیز پاکستانی 10 ستمبر سے لگائی جانے والی نئی پابندی سے مستثنیٰ رہیں گے، اور وہ پاسپورٹ یا کوئی بیرونی دستاویز دکھا کر ٹکٹ اور بورڈنگ حاصل کرسکیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.