اٹلی سے فرانس جانے کیلئے جان کی بازی کھیلنے والا جان ہی ہارگیا

0

روم: ایک وقت تھا کہ یورپی ممالک کے اندر سفر بہت آسان تھا، اور ٹرینوں یا سڑک کے ذریعہ وہ تارکین وطن بھی باآسانی سفر کرلیتے تھے، جن کے پا س دستاویز موجود نہیں ہوتیں، لیکن کرونا کی وبا کے بعد صورتحال بدل چکی ہے، اور سرحدوں پر اب کچھ سختی ہوگئی ہے۔

ایسے میں کچھ تارکین وطن ایک ملک سے دوسرے ملک جانے کے لئے خطرہ مول لینے سے بھی نہیں ڈرتے ، اور ایسا کرنے والا ایک تارک وطن اٹلی اور فرانس کی سرحد پر المناک انجام کا شکار ہوگیا ہے، اطالوی حکام کے مطابق اٹلی سے فرانس جانے کی کوشش میں ایک 17 سالہ بنگلہ دیشی تارک وطن فرانس جانے والی ٹرین کی چھت پر سوار ہوگیا، فرانس کی سرحد پر Ventimiglia کے قریب جب ٹرین ایک سرنگ میں داخل ہوئی تو مذکورہ نوجوان اوپر لگی بجلی کی تاروں سے ٹکرا گیا، جن میں تین ہزار وولٹ کی بجلی تھی، حادثے کے بعد ٹرین کو روک لیا گیا، اور ریلوے عملہ، پولیس اور فائربریگیڈ سے وابستہ افراد پہنچ گئے۔ تاہم مذکورہ شخص پہلے ہی ہلاک ہوچکا تھا۔

امدادی کارکنوں کا کہنا ہے کہ لاش سے جو دستاویز ملی ہیں ان سے پتہ چلا ہے کہ تارک وطن نوجوان بنگلہ دیشی تھا۔ حادثے کے بعد فرانس کے ساتھ ریل ٹریفک ایک گھنٹہ تک معطل رہی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.