برسوں قبل پاکستان کو خدا حافظ کہنے والا پاکستانی بڑے سرمائے کے ساتھ واپس، کیا وجہ بنی؟

0

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان سے متاثر ہوکر 18 برس قبل پاکستان چھوڑ جانے والا پاکستانی بڑی سرمایہ کاری کے ساتھ وطن واپس آگیا، بیرون ملک انتقال کر جانے والے والدین کا ذکر کرتے ہوئے آبدیدہ ہوگیا، دل نہیں چاہتا تھا، لیکن دھمکیوں کی وجہ سے اپنا وطن چھوڑا تھا۔

اب یقین ہے کہ کبھی ویسی صورت حال کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا، جی ہاں یہ الفاظ ہیں متحدہ عرب امارات میں مقیم اوورسیز پاکستانی ممتاز مسلم کے، جو 2004 میں ملکی حالات اور دھمکیوں کے باعث پاکستان چھوڑ کر چلے گئے تھے، ممتاز مسلم کا پاکستانی صحافی کی ویب سائٹ کو انٹرویو میں کہنا تھا کہ ان کے والد نے آزادی کے فوری بعد 1949 میں کراچی میں ٹریڈنگ کا کاروبار شروع کیا تھا، جو بہت اچھا چلتا تھا، تاہم کراچی کے حالات خراب ہونے، بھتہ کلچر کی وجہ سے وہ پریشان ہوئے، لیکن ملک نہ چھوڑا لیکن 2004 میں ان کے گھر کے سامنے ایک بوری بند لاش پھینک کر ڈرایا گیا، تو انہوں نے والدین کے ساتھ مشورے کے بعد پاکستان چھوڑ دیا، اور عرب امارات منتقل ہوگئے، ان کے والدین ان 18 برسوں میں بیرون ملک ہی انتقال کرگئے، اس موقع پر ممتاز مسلم آبدیدہ ہوگئے اور کہا کہ ان کے والدین کبھی پاکستان چھوڑنا نہیں چاہتےتھے، لیکن ہم مجبور ہوئے، انہوں نے کہا کہ میں نے ہوٹلنگ کا کاروبار کیا، اور کابل میں میرا فائیو اسٹار’’بیرن ہوٹل‘‘ ہے، جس کے 480 کمرے ہیں، ائرپورٹ کے قریب واقع اسی ہوٹل میں انخلا سے قبل برطانیہ، کینیڈا سمیت کئی ملکوں کے سفارتکار قیام کرتے رہے۔

ممتاز مسلم نے کہا کہ اسی طرح عراق کے شہر کربلا میں واحد فائیو اسٹار ہوٹل ان کا ہے، مجھے افغانستان اور عراق میں کبھی خوف نہیں لگا، جیسا کہ ملک چھوڑنے سے قبل کراچی میں تھا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے لگتا نہیں تھا کہ کبھی پاکستان واپس آکر کاروبار کروں گا، لیکن وزیراعظم عمران خان سے متاثر ہوکر میں یہاں آیا، اور نتھیا گلی میں 25 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری سے فائیو اسٹار ہوٹل کی تعمیر شروع کردی ہے، جس کا وزیراعظم نے ہی سنگ بنیاد رکھا، ہم نے 42 سال قبل پاکستان چھوڑ جانے والی عالمی ہوٹل چین ہلٹن سے معاہدہ کیا ہے، اس طرح ہلٹن بھی پاکستان واپس آگئی ہے، انہوں نے کہا کہ میں گزشتہ برس پاکستان آگیا تھا، اور کراچی میں نیا گھر بھی خرید لیا ہے، پاکستان کے حالات بہت بہتر ہوگئے ہیں، مجھے یقین ہے کہ عمران خان پاکستان کو آگے لے جانے میں کامیاب ہوں گے، میں انہیں شوکت خانم اسپتال کے دنوں سے جانتا ہوں، وہ جو ارادہ کرلیتے ہیں، اس پر عمل کرتے ہیں۔

 

Leave A Reply

Your email address will not be published.