یو اے ای واپسی جانے والوں کو پی آئی اے نے نئی سہولت دے دی

0

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کی طرف سے سفری پابندیاں ختم ہونے کے بعد ملک میں پھنسے ہوئے پاکستانیوں کو واپس پہنچانے کے لئے قومی ائر لائن پی آئی اے نے پروازوں میں اضافہ کردیا ہے، اور یو اے ای کی ایک چھوٹی ریاست کے لئے مزید پروازیں چلانے کا اعلان کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کی سفری پابندیوں کی وجہ سے ہزاروں پاکستانی ورکرز جو چھٹی پر پاکستان آئے ہوئے تھے، کئی ماہ سے پھنسے ہوئے ہیں، تاہم اب یو اے ای حکام نے سفری پابندیاں ختم کردی ہیں، اور بڑی تعداد میں پاکستانی واپس جارہےہیں، ایسے میں پی آئی اے بھی ہم وطنوں کو واپسی کےلئے سہولت فراہم کرنے کیلئے متحرک ہے، قوی ائرلائن نے اب یو اے ای کی چھوٹی ریاست راس الخیمہ کے لئے بھی 4 شہروں سے پروازیں بڑھانے کا اعلان کیا ہے۔ پی آئی اے نے ہفتہ 28 اگست سے اسلام آباد، پشاور، لاہور اور کراچی سے راس الخیمہ کے لئے پروازیں شروع کردی ہیں، جس سے یو اے ای بالخصوص راس الخیمہ واپس جانے والوں کو سہولت ملے گی، واپسی کے خواہشمند مسافروں کو پی آئی اے نے پھر یاد دہانی کرائی ہے کہ انہیں یو اے ای اتھارٹی سے واپسی کی اجازت، سفر سے 48 گھنٹے قبل پی سی آر ٹیسٹ اور پرواز روانگی سے 6 گھنٹے پہلے ریپڈ پی سی آر ٹیسٹ کرانا ہوگا، ریپڈ ٹیسٹ کے لئے قومی ائر لائن نے ہوائی اڈوں پر ہی انتظام کردیا ہے۔

متحدہ عرب امارات میں پی آئی اے کے ریجنل منیجر شاہد مغل نے خلیجی اخبار کو بتایا ہم راس الخیمہ کو ایک اچھا اسٹیشن تصور کررہے ہیں، کیوں کہ اس وقت پاکستان سے یو اے ای کے سفر کے لئے بہت ڈیمانڈ ہے، پی آئی اے ہم وطنوں کے لئے بوئنگ ٹرپل سیون بڑے طیارے اس روٹ پر چلارہی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو لے جایا جاسکے، انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے نے اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ ، لاہور اور کراچی سے شارجہ کے لئے بھی مسافروں کی گنجائش بڑھا دی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.