پاکستان کا اعتراض: یو اے ای نے ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق سے متعلق حکم نامہ واپس لے لیا

0

اسلام آباد: متحدہ عرب امارات نے کرونا ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی تصدیق سے متعلق جاری حکم نامہ پاکستان کے اعتراض پر واپس لے لیا ہے، یو اے ای نے یکم اگست سے تمام پاکستانی مسافروں کے لیے دفتر خارجہ اور امارات کے سفارت خانے سے تصدیق شدہ کووڈ-19 ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ لازمی قرار دیا تھا۔

تفصیلات کے مطابق اس سے قبل خبریں سامنے آئی تھیں کہ متحدہ عرب امارات آنے کے لیے نادرا سے جاری کورونا سرٹیفکیٹ کی یو اے ای سفارت خانے سے تصدیق لازمی کرانی ہوگی۔ اسلام آباد میں قائم متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے کی جانب سے حکومت پاکستان کو 14 جولائی کو لکھے گئے ایک خط میں کہا گیا کہ ‘وزارت خارجہ، ابو ظہبی، متحدہ عرب امارات کی حکومت کی حالیہ ہدایت کے تحت یکم اگست سے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) سے جاری ویکسینیشن سرٹیفیکیٹ کی متحدہ عرب امارات کے سفارت خانے سے تصدیق کرانا لازمی ہوگا’۔ متحدہ عرب امارات سفارتخانہ کا کہنا تھا کہ پالیسی کا اطلاق یکم اگست سے ہوگا، عام پاکستانیوں، سفارتکاروں اور اہلخانہ پر بھی سرٹیفیکٹ کی شرط لاگو ہوگی۔

تاہم بعد ازاں پاکستانی حکام کی جانب سے اس معاملے کو یو اے ای حکام کے ساتھ اٹھایا گیا، پاکستانی اعتراض پر یو اے ای کی جانب سے شرط کو واپس لے لیا گیا ہے، پاکستان میں قائم یو اے ای سفارتخانے اور ترجمان دفترخارجہ نے شرط واپس لینے کی تصدیق کردی ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری اور یو اے ای کے سفیر ابراہیم الزاہبی نے تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ویکسینیشن سرٹیفکیٹ کی دفتر خارجہ اور سفارت خانے سے تصدیق لازمی نہیں ہے۔ یو اے ای کے سفیر کا کہنا تھا کہ فلائٹ آپریشن بحال ہونے کے بعد صرف نادرا سرٹیفکیٹ درکار ہوگا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.