یورپی یونین نے تارکین وطن کے لئے اربوں یورو کی منظوری دیدی، کس کس کو ملیں گے؟

0

برسلز: یورپی یونین نے اگلے 6 برسوں میں تارکین وطن اور مہاجرین کیلئے بڑے بجٹ کی منظوری دے دی ہے، یہ بجٹ تارکین کے فائدے کیلئے کتنا خرچ ہوگا، اور کتنی رقم سرحدوں پر خرچ کی جائے گی، اس حوالے سے تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق یورپی پارلیمنٹ نے اگلے چھ برسوں یعنی 2027 تک کے لئے 16 ارب یورو کے قریب بجٹ کی منظوری دے دی ہے، یہ بجٹ  تارکین سے متعلق مسائل کے حل پر خرچ کیا جائے گا، ان میں سے بڑا حصہ تقریباً 10 ارب یورو سیاسی پناہ اور امیگریشن کا نظام بہتر بنانے پر خرچ کئے جائیں گے، سیاسی پناہ کے حوالے سے مشترکہ پالیسی بنائی جائے گی، قانونی امیگریشن کو بڑھایا جائے گا، اور اس کے لئے رکن ممالک کی ضرورت کو مدنظر رکھا جائے گا، اسی طرح تارکین اور یورپی معاشروں کے درمیان ہم آہنگی پیدا کرنے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے، غیر قانونی امیگریشن کی حوصلہ شکنی کی جائے گی، اسی طرح فنڈز کے ذریعہ یورپ میں پناہ کے طالب تارکین وطن کی ذمہ داریاں ممبر ممالک میں تقسیم کی جائیں گی، تارکین وطن کو سیٹلمنٹ میں مدد فراہم کی جائے گی، رکن ممالک میں فنڈز کی تقسیم کے لئے جو فارمولا طے کیا گیا ہے، اس کے مطابق فنڈز کی تقسیم میں یہ دیکھا جائے گا، کہ کس یورپی ملک میں کتنے تارکین وطن ہیں، کتنی پناہ کی درخواستیں دائر کی گئی ہیں، اور کتنے لوگ ڈیپورٹ کئے گئے ہیں، ان چیزوں کو دیکھتے ہوئے رکن ممالک کو فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔

سرحدوں کا کنٹرول

 سرحدوں کا کنٹرول بہتر بنانے کے لئے 6 ارب 24 کروڑ مختص کئے گئے ہیں، جس سے ممکنہ طور پر تارکین کا یورپ میں داخلہ مزید مشکل ہوسکتا ہے، تاہم یورپی پارلیمنٹ کا کہنا ہے کہ سرحدوں کا کنٹرول بہتر بنانے کے ساتھ بنیادی حقوق کو یقینی بنایا جائے گا، بالخصوص کم عمر تارکین اور وہ مہاجرین جنہیں تحفظ کی ضرورت ہوگی، ان کے لئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں گے، اسی طرح ویزا پالیسی کو بھی بہتر کیا جائے گا۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.