اٹلی میں جعلی کرونا پاس فروخت ہونے کا انکشاف، پولیس حرکت میں آگئی

0

روم: اٹلی میں آن لائن جعلی کرونا پاس فروخت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، پولیس نے ملوث افراد کے خلاف سائبر کرائم پراسیکیوٹرز کی مدد سے چھاپے مارے ہیں، شہریوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ وہ جعلی کرونا پاس خریدنے سے گریز کریں، اور ایسے افراد کی اطلاع پولیس کو دیں۔

تفصیلات کے مطابق اطالوی پولیس نے یورپی یونین کا ڈیجیٹل کرونا پاس فروخت کرنے والوں کا پتہ چلایا ہے، جو آن لائن اپنا دھندہ چلارہے تھے، اور لوگوں سے پیسے بٹور رہے تھے، سائبر کرائم پراسیکیوٹر آفس میلان نے اس معاملے کی تحقیقات شروع کی ہے، اور اس دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ ہزاروں افراد پیسے دے کر جعلی کرونا پاس بنوانے کے لئے تیار تھے، واضح رہے کہ کرونا پاس کے ذریعہ یورپی ممالک میں بغیر ٹیسٹ اور کسی پابندی کے گھوما جاسکتا ہے، یورپی یونین نے کرونا پاس کا جمعرات کو آغاز کیا تھا، جس کا مقصد سیاحت کی بحالی اور ویکسین لگوانے والوں پر پابندیوں کا خاتمہ تھا، لیکن جعلسازوں نے جعلی کرونا پاس بیچنے کی کوشش شروع کردی۔

یہ بھی پڑھیں: اٹلی میں کرونا فری ٹرین چلنے کو تیار، سفر کیلئے کیا کرنا ہوگا؟

پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹیلیگرام ‘‘ پر ایسے 10 چینلز کا سراغ لگایا ہے، جو ڈارک ویب کے ذریعہ چلائے جارہے تھے، اور ان کے ذریعہ شہریوں کو جعلی کرونا پاس فروخت کے لئے پیش کیا جارہا تھا، جس کی ادائیگی بھی کرپٹو کرنسی کے ذریعہ مانگی جارہی تھی، ایک کرونا پاس کے لئے 130 یورو تک طلب کئے جارہے تھے۔

تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی ہے کہ یہ جعلی پاس خریدنے کے خواہشمندوں میں یورپی یونین سے باہر کےممالک کے شہری بھی شامل ہیں۔ میلان کے سائبر کرائم یونٹ کے سربراہ Gian Luca Berruti نے بتایا کہ ڈھائی لاکھ سے زائد افراد نے ان جعلسازوں کے پاس خود کو رجسٹر ڈ کرالیا تھا،جبکہ مزید ہزاروں اس کوشش میں مصروف تھے، پولیس کو بڑی تعداد میں جعلی کرونا پاس بھی ملے ہیں، جن میں جعلی شناختی ڈیٹا اور خصوصی طور پر تیار کردہ کیو آر کوڈ موجود ہے، جبکہ ویکسین کی پہلی اور دوسری خوراک کی فرضی تاریخیں بھی دی گئی ہیں، سائبر کرائم یونٹ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ہم نے کئی مشتبہ ملزمان کی شناخت کرلی ہے، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی نے یہ جعلی کرونا پاس خریدا تو خریدار کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی ، جس کی سزا 6 سال قید بھی ہوسکتی ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.