چوری کی بڑی واردات، اطالوی ایمبیسی سے قیمتی چیز چوری

0

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ڈپلومیٹک انکلیو میں چوری کی سب سے بڑی واردات، اٹلی کے سفارتخانے سے ایک ہزار شنجن ویزہ اسٹیکرز چوری ہونے کی واردات سے ہل چل مچ گئی، سفارت خانے نے پاکستانی وزارت خارجہ اور ایف آئی اے کے سامنے اٹھا دیا ہے، جس کے بعد تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان میں قائم اطالوی ایمبیسی کے لاکر سے ایک ہزار ” شنجین ویزہ“ اسٹیکرز چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے، واردات کا انکشاف جون کے دوسرے ہفتے میں ہوا، ایمبیسی نے ویزہ اسٹیکرز چوری ہونے کا معاملہ وزارت خارجہ کے سامنے اٹھا دیا ہے، جس کے بعد وزارت خارجہ نے ایف آئی اے اور وزارت داخلہ کو تحقیقات کے لیے خط لکھ دیا ہے، وزارت خارجہ نے چوری ویزا اسٹیکرز کے نمبرز کے بارے میں وزارت داخلہ کو آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اٹلی سفارتخانہ کے لاکر سے ایک ہزار ویزا سٹیکرز چوری ہوئے ہیں۔

چوری ہونے والے 750 شینجن ویزا اسٹکرز سیریل نمبرز ITA041913251 تا ITA041914000 ہیں جب کہ 250 ویزا اسٹکرز کا سیریل نمبر ITA041915751 تا ITA041916000 بتایا گیا ہے۔ وزارت داخلہ اور ایف آئی اے کو مراسلہ جاری کرتے ہوئے فوری طور پر کارروائی کا حکم جاری کر دیا ہے، مراسلے میں چوری شدہ ویزہ اسٹیکرز پر سفر کرنے والوں کو حراست میں لینے کی ہدایت دی گئی ہے۔

وزارت خارجہ  کا کہنا ہے کہ اطالوی سفارتخانہ معاملے کی خود بھی تحقیقات کر رہا ہے تاہم وزارت داخلہ متعلقہ ویزا نمبرز والے اسٹیکرز کو داخلی اور خارجی پوائنٹس پر چیک کرے۔ دوسری جانب پولیس حکام کو شبہ ہے کہ عملہ کے افراد ملوث ہیں۔ باہر سے کوئی سفارت خانہ داخل ہو کر اس طرح کی واردات نہیں کرسکتا۔

یاد رہے کہ ’شنجین ویزہ ‘ایسا ویزہ ہے جس کے ذریعے کوئی بھی شخص 26 یورپی ممالک میں بلا روک ٹوک جا سکتا ہے اور 90 روز میں کسی بھی ملک سے واپس آ سکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.