انگلینڈ میں کرونا صورتحال مزید خراب، وزیراعظم نے کیا انتباہ کیا؟

0

لندن: بھارتی ڈیلٹا وائرس تیزی سے برطانیہ میں قدم جمانے لگا ہے، اور ایک ہفتے کے دوران مریضوں میں ایک تہائی اضافہ ہوا ہے، اسپتال پہنچنے والے مریضوں کی تعداد بھی تیزی سے بڑھنے لگی ہے، ادھر وزیراعظم بورس جانسن نے خبردار کیا ہے کہ مزید لاک ڈاؤن لگائے جاسکتے ہیں۔

تفصیلات کےمطابق انگلینڈ میں بھارتی ڈیلٹا وائرس پھیلنے کی رفتار بڑھ رہی ہے، اورایک ہفتے میں ایک تہائی سے زیادہ مریضوں کا اضافہ ہوا ہے، پیر کو 10 ہزار 633 نئے مریض سامنے آئے، جو محکمہ صحت کے مطابق گزشتہ پیر سے 37 فیصد زائد ہیں، برطانوی اخبار میل کے مطابق ڈیلٹا وائرس اب انگلینڈ کے 300 علاقوں میں موجود ہے، اس دوران وائرس سے متاثر ہو کر زیادہ بیمار ہوجانے والے مریضوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہوا ہے، اور ایک ہفتے کے دوران 20 فیصد زیادہ مریض اسپتال داخل کئے گئے ہیں، البتہ ایک اچھی خبر ہے، کہ اس نئی لہر میں اموات کنٹرول میں ہیں، جو اس بات کی طرف اشارہ کرتی ہیں کہ ویکسین نے وبا اور اموات کے درمیان تعلق توڑ دیا ہے، پیر کو انگلینڈ میں 5 کرونا اموات درج کی گئیں، جبکہ ایک ہفتہ پہلے یہ تعداد تین تھی۔

وزیراعظم کا انتباہ

وزیراعظم بورس جانسن نے باقی رہ جانے والی کرونا پابندیاں جلد اٹھانے کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے، بلکہ خبردار کیا ہے کہ سردیوں میں مزید لاک ڈاون بھی خارج ازامکان نہیں ہیں، ہرٹ فورڈ شائر میں لیبارٹری کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا وائرس کے کیس اور وبا کے متاثرین کا اسپتالوں میں داخلہ بڑھتا جارہا ہے، ایسے میں ہمیں محتاط رہنے کی ضرورت ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ ویکسین کی مہم تیزی سے جاری ہے، اور وہ پرامید ہیں کہ 19 جولائی کو باقی پابندیاں اٹھائی جاسکیں گی، لیکن ساتھ ہی انہوں نے سردیاں آنے پر صورتحال خراب ہونے کی صورت میں مزید لاک ڈاون لگانے کو خارج از امکان قرار نہیں دیا، انہو ں نے موجود ہ سال کو بھی سفر کے لئے مشکل قرار دیا ، اور کہا کہ ہماری ترجیح برطانیہ کو محفوظ رکھنا ہے، اور نئے وائرسز کو ملک میں آنے سے روکنا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.