فرانس میں ماسک پابندی ختم، اٹلی میں کب ختم ہونے جارہی ہے؟

0

روم: فرانس میں ماسک پہننے کی پابندی ختم کردی گئی ہے، جس کے بعد اٹلی میں بھی حکومت نے ماسک کے حوالے سے پابندی ختم کرنے کے لئے تیاری کرلی ہے، اور وزیرخارجہ نے اہم بیان دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق فرانس نے جمعرات سے ماسک پہننے کی پابندی ختم کردی ہے، فرانسیسی وزیراعظم نے ماسک پابندی ختم کرنے کا اعلان کیا، اور کہا کہ ملک میں کرونا کی صورتحال کنٹرول میں ہے، اس لئے یہ فیصلہ یکم جولائی سے پہلے کرلیا گیا ہے، تاہم انہوں نے کہا کہ پارٹیوں، پرہجوم مقامات، اسٹیڈ یمز اور مارکیٹوں میں جہاں قطاریں لگی ہوتی ہیں، وہاں اب بھی لوگوں کو ماسک پہننا ہوگا۔ اسی طرح بند مقامات جیسے اسکول و دفاتر اور پبلک ٹرانسپورٹ میں سفر کے دوران بھی ماسک کی پابندی کرنی ہوگی، انہوں نے فرانس کے مختلف علاقوں میں جاری رات کے کرفیو بھی اتوار سے ختم کرنے کا اعلان کیا۔

اٹلی بھی تیار

فرانس کے بعد اٹلی بھی کھلے مقامات پر ماسک پہننے کی پابندی ہٹانے کی تیار ی کررہا ہے، فائیو اسٹارموومنٹ کے رہنمااور وزیرخارجہ لیگوئی ڈی مایو اور لیگا پارٹی کے سربراہ سالوینی جو حکومت میں شامل ہیں، دونوں نے امید ظاہر کی ہے کہ جلد ہی اطالوی عوام کو بھی ماسک کی پابندی ختم کرنے کے حوالے سے خوش خبری ملے گی، وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت ماسک کی پابندی ختم کرنے کے بہت قریب ہے، ہم نے اس لمحے کے لئے مہینوں انتظار کیا ہے، اب کرونا کے جو اعداد وشمار آرہے ہیں، وہ اس امر کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ہم اس بحران پر قابو پارہے ہیں۔

حکومت میں شامل لیگا پارٹی کے قائد سالوینی نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ اٹلی بھی فرانس کی پیروی کرے ، اور وہ اس سلسلے میں وزیراعظم سے بات کریں گے، انہوں نے کہا کہ جب باقی یورپی ممالک ماسک کی پابندی ختم کرنے کی طرف جارہے ہیں، جن میں ایسے ملک بھی شامل ہیں، جہاں کی صورتحال ہماری جیسی اچھی نہیں ہے، تو پھر ہمیں بھی اس طرف جانا چاہئے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.