ترکی کی اچانک سفری پابندیوں سے درجنوں‌ پاکستانی استنبول ایئرپورٹ پر پھنس گئے

0

انقرہ: ترکی نے پاکستان سمیت متعدد ممالک سے آنے والے مسافروں پر اچانک  14 روز قرنطینہ کی پابندی عائد کردی ہے، اس فیصلے سے قبل متعدد پاکستانیوں نے ترکی کا سفر کیا، جو استنبول میں پھنس گئے، تاہم پاکستانی سفارت خانے اور قونصل جنرل بلال پاشا کی کوششوں سے ترک حکام نے پاکستانیوں کو ملک میں داخلے کی اجازت دیدی۔

تفصیلات کے مطابق ترکی کی جانب سے جاری نئے قواعد و ضوابط کے مطابق پاکستان سے ترکی جانے والے مسافروں پر 14 روز قرنطینہ کی پابندی عائد کی گئی ہے، اچانک عائد سفری پابندیوں کی وجہ سے متعدد پاکستانی استنبول میں پھنس گئے، جس پر پاکستانی سفارت خانہ انقرہ نے ترک حکام سے رابطہ کیا اور ائیرپورٹ پر پھنسے پاکستانیوں سے متعلق معاملہ اٹھایا، جس کے بعد ترک حکام نے پاکستانیوں کو ایک دن کا استثنیٰ دے دیا۔

ترکی جانے والے پاکستانی شہریوں کے ہوائی اڈے پر ہی کرونا ٹیسٹ ہوئے، جس کی رپورٹ منفی آنے پر انہیں ترکی میں داخلے کی اجازت دے دی گئی۔پاکستانی سفارت خانہ اور استنبول میں قائم قونصل خانے کے حکام ترکی پہنچنے والے ہم وطنوں سے مکمل رابطے میں رہے، جبکہ سفارت کار ہم وطنوں کی مدد کےلیے استنبول کے ہوائی اڈے پر موجود رہے۔ پاکستان سفارت خانے نے ترکی جانے والے مسافروں سے گزارش کی ہے کہ وہ ترک کے سفری کو نئے سفری ضوابط کی روشنی میں ترتیب دیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.