روم: اٹلی میں بے روزگاری کے خلاف احتجاج کے دوران مزدورں کا پولیس سے تصادم ہوگیا ہے، دوسری طرف بینک آف اٹلی نے نیا سروے جاری کیا ہے، جس میں کرونا پابندیوں کے باعث ملک میں شہریوں کی مالی پریشانیاں بڑھنے کے حوالے سے نشاندہی کی گئی ہے.
تفصیلات کے مطابق اٹلی میں یونینوں کی جانب سے بڑھتی بے روزگاری کے خلاف دارالحکومت روم میں مظاہرہ کیا گیا، مظاہرین پارلیمنٹ کے ایوان زیریں تک مارچ کرتے ہوئے گئے، مظاہرین وزیر لیبر Andrea Orlando سے ملاقات کرکے انہیں اپنے مسائل بتانا چاہتے تھے، لیکن جب ان کی وزیر سے ملاقات ممکن نہ ہوسکی ، تو ان میں ناراضگی پھیل گئی، اور وہ وزیراعظم آفس کی طرف مارچ کرنے لگے، اس موقع پر کچھ مظاہرین کی پولیس سے ہاتھ پائی ہوگئی، اور ایک اہلکار کو زخم آئے، جبکہ 7 مظاہرین بھی زخمی ہوگئے، حکام کا کہنا ہے کہ اہلکار کو زخمی کرنے والے فرد سمیت صورتحال بگاڑنے میں ملوث 8 افراد کی نشان دہی کرلی گئی ہے۔
بینک آف اٹلی کا سروے
بینک آف اٹلی نے کرونا بحران کے اثرات پر سروے جاری کیا ہے، جس کے مطابق 60 فیصد سے زائد اطالوی گھرانے مہینے کا خرچہ پورے کرنے میں مشکل کا شکار ہیں، جو بحران سے پہلے کے مقابلے میں دس فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے، سب سے زیادہ وہ گھرانے متاثر ہوئے ہیں، جن کے سربراہ اپنا روزگار (سیلف ایمپلائیڈ) کرتے تھے، اس کے علاوہ 40 فیصد گھرانوں کا کہنا تھا کہ ان کی آمدن اب خرچے پورے کرنے کے لئے ناکافی ہوچکی ہے، سروے میں اگرچہ یہ بات سامنے آئی ہے کہ لوگوں کی معیشت کے حوالے سے توقعات بڑھی ہیں، تاہم اکثر خاندان یہ سمجھتے ہیں کہ کرونا کا بحران جلد ختم نہیں ہوگا۔