لندن میں بڑا آپریشن، وزیر داخلہ خود کمان کرنے پہنچ گئیں

0

لندن: برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل لندن میں ہوئے ایک بڑے آپریشن میں خود بھی جیکٹ پہن کر پہنچ گئیں، اور اہلکاروں کے ساتھ آپریشن میں حصہ لیا، اس دوران اہلکاروں نے بڑی تعداد میں گرفتاریاں کی ہیں، آپریشن کا کوڈ نام بھی رکھا گیا تھا، خیال رہے برطانوی وزیرداخلہ تارکین وطن کے خلاف سخت موقف رکھتی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانوی وزیرداخلہ پریتی پٹیل بغیر دستاویزات آنے والے تارکین وطن کے خلاف سخت موقف رکھتی ہیں، اور وزارت سنبھالنے کے بعد سے وہ مسلسل غیر قانونی امیگریشن روکنے کے لئے پالیسیاں اور اقدامات کررہی ہیں، اب انہوں نے غیرقانونی تارکین وطن کو برطانیہ لانے اور یہاں سے لے جانے میں ملوث افراد کے خلاف نیشنل کرائم ایجنسی (این سی اے) کے آپریشن میں خود حصہ لیا ہے، جہاں وہ جیکٹ پہنے اہلکاروں کے ساتھ نظر آئیں، یہ چھاپے مشرقی لندن میں ووڈ فورڈ گرین، اوربش ووڈ کے علاقوں میں مارے گئے ہیں، جن میں 130 سے زائد افسران و اہلکاروں نے حصہ لیا، اس دوران غیرقانونی تارکین سمیت سو سے زائد افراد پکڑے گئے ہیں، پہلے چھاپے میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا، جو غیرقانونی تارکین کو فرانس اور برطانیہ کے درمیان اسمگل کرنے میں ملوث تھے، ان کی عمریں 50 برس سے زائد بتائی گئی ہیں، جبکہ نام ظاہر نہیں کئے گئے۔

دوسرے چھاپے میں 5 لاری ڈرائیور گرفتار کئے گئے ہیں، جو تارکین وطن کو گاڑیوں میں چھپا کر برطانیہ لانے اور یہاں سےفرانس لے جانے میں ملوث ہیں، نیشنل کرائم ایجنسی کا کہنا ہے کہ آپریشن میں 100 سے زائد تارکین بھی پکڑے گئے، جبکہ جرائم میں مطلوب تین افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، جو برطانیہ سے چھپ کر فرار ک ہونےکی کوشش کررہے تھے۔

برطانوی اخبار کے مطابق یہ آپریشن کئی ماہ کی تحقیقات کے بعد کیا گیا ہے، اور اس کا کوڈ نام ‘‘Operation Symbolry’’ تھا، اس آپریشن کا ہدف بنیادی طور پر رومانیہ کے وہ لاری ڈرائیور تھے، جو غیر قانونی تارکین کو برطانیہ لانے یا یہاں سے فرانس لے جانے کے دھندے میں ملوث ہیں، وزیرداخلہ پریتی پٹیل کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلر کسی رعائت کے حقدار نہیں ، یہ لوگ اپنی جیبیں بھرنے کے لئے لوگوں کی زندگیوں سے کھیلتے ہیں، نیشنل کرائم ایجنسی کے آپریشن منیجر کرس ہل کا کہنا تھا کہ آپریشن ایسے جرائم پیشہ افراد کے خلاف تھا، جو فرانس اور برطانیہ کے درمیان انسانی اسمگلنگ اور غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں، انہوں نے کہا کہ ہمارے آپریشن سے اس نیٹ ورک کی سرگرمیاں توڑنے میں مدد ملے گی، ہم لاری ڈرائیوروں سے بھی کہتے ہیں کہ اگر ان سے کوئی غیرقانونی سرگرمی کے لئے رابطہ کرتا ہے، تووہ پولیس کو آگاہ کریں، بصورت دیگر انہیں بھی مشکل کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.